کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)امیر جماعت اسلامی بلوچستان، قائد حق دو تحریک بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے وائس چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر حاجی ہوت سیف اللہ، ثنااللہ عثمان، وسیم صمد، ساجد امیتان اور دیگر کارکنان کے ہمراہ بارش کے بعد گوادر کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ دورے میں ملافاضل چوک، لیڈیز بازار، شاہین چوک اور گرد و نواح کے علاقے شامل تھے۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے حالیہ بارشوں کے بعد شہر میں پیدا ہونے والی صورتحال، نکاسی آب کے نظام اور صفائی ستھرائی کے انتظامات کا موقع پر تفصیلی جائزہ لیا۔ مختلف مقامات پر جمع بارشی پانی، برساتی نالوں اور عوام کو درپیش مسائل کا خود مشاہدہ کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری بہتری کی ہدایات جاری کیں۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے اور بارشوں کے بعد نکاسی آب اور صفائی کے مثر انتظامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے گوادر میونسپل کارپوریشن کو ہدایت کی کہ صفائی اور نکاسی آب کے کاموں میں مزید تیزی اور بہتری لائی جائے تاکہ شہریوں کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔بعد ازاں مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے ایکسیئن کیسکو حسین بخش سے ان کے دفتر میں ملاقات کی، جس میں گوادر میں بجلی کی ترسیل بہتر بنانے، آئندہ گرمیوں سے قبل کم سے کم لوڈشیڈنگ یقینی بنانے، فالٹس میں کمی اور بلنگ سے متعلق شکایات پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے یقین دہانی کرائی کہ بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی کے لیے عوام میں آگاہی پیدا کی جائے گی، تاہم انہوں نے اوور بلنگ سے گریز اور بلنگ کے نظام کو شفاف بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ عوام پر کسی قسم کا ظلم برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملاقات میں باہمی تعاون سے گوادر کے بجلی کے مسائل حل کرنے کے عزم کا بھی اظہار کیا گیا۔
مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کا بارش کے بعد گوادر کے مختلف علاقوں کا دورہ، نکاسی آب و صفائی کا جائزہ

ٹیگز:
ہدایت الرحمان
