کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)نئے سال 2026 کی آمد پر وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے صوبے کے عوام کے نام خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ نیا سال بلوچستان میں پائیدار امن، تیز تر ترقی اور عوامی خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت عوامی مسائل کے عملی حل او موثر طرزِ حکمرانی پر پوری توجہ مرکوز رکھے گی تاکہ عام آدمی کی زندگی میں حقیقی بہتری لائی جا سکے۔وزیر اعلی بلوچستان نے کہا کہ تعلیم، صحت اور روزگار کے شعبوں میں انقلابی اقدامات نئے سال کی اہم ترجیحات میں شامل ہیں۔ حکومت تعلیمی نظام کی بہتری، معیاری صحت کی سہولیات کی فراہمی اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے عملی اور ٹھوس اقدامات کر رہی ہے۔میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ امن و امان کے استحکام کے بغیر ترقی ممکن نہیں، اس لیے حکومت اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ صوبے میں قیامِ امن، قانون کی عملداری اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ نیا سال قومی یکجہتی، ذمہ دارانہ سیاست اور اجتماعی جدوجہد کے عزم کی تجدید کا پیغام لے کر آیا ہے۔ بلوچستان حکومت شفافیت، میرٹ اور قانون کی بالادستی کو اپنی حکمرانی کی بنیاد بنا کر آگے بڑھ رہی ہے تاکہ عوام کا اعتماد مزید مضبوط ہو۔وزیر اعلی نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے کے نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، انہیں جدید تعلیم، ہنر اور مواقع فراہم کر کے بااختیار بنایا جا رہا ہے تاکہ وہ بلوچستان کی ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔اپنے پیغام کے اختتام پر میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے اور نئے سال میں صوبے کی ترقی کا سفر مزید تیز ہوگا۔ انہوں نے دعا کی کہ نیا سال بلوچستان سمیت پورے پاکستان کے لیے امن، خوشحالی اور استحکام کا باعث بنے۔
نیا سال بلوچستان میں پائیدار امن، تیز تر ترقی اور عوامی فلاح کا سال ہوگا، میر سرفراز بگٹی

ٹیگز:
سرفراز بگٹی
