اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) اوفاقی دارالحکومت کے مشہور تفریحی مقام شکرپڑیاں میں منعقدہ میوزیکل نائٹ کے دوران فائرنگ کے ایک واقعے میں 1 شہری جاں بحق اور1 پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ اسلام آباد پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آبپارہ میں قتل کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔پولیس کے مطابق مقتول سمیع اللہ اپنے دوستوں کے ہمراہ تفریح کے لیے شکرپڑیاں آیا تھا، جہاں چار نامعلوم ملزمان نے مبینہ طور پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ اس دوران پولیس کانسٹیبل غلام حسنین بھی زخمی ہوا، جسے اسپتال منتقل کیا گیا، اور ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی ہے۔مقدمے میں نامزد ملزمان صدر اسلام، اسحاق، رضوان اور سوار خان ہیں۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے ہیں اور سی سی ٹی وی فوٹیجز اور دیگر تکنیکی شواہد کی مدد سے تحقیقات جاری ہیں۔پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ اسلام آباد پولیس نے یقین دہانی کرائی ہے کہ تمام ملزمان کو جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
شکرپڑیاں میں منعقدہ میوزیکل نائٹ میں فائرنگ ،1 شہری جاں بحق

ٹیگز:
فائرنگ
