اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) ورکرز ویلفیئر فنڈ پاکستان کے محنت کش طبقے کے لیے ریاستی فلاح و بہبود کے اس تصور کی عملی تصویر ہے جس کا مقصد صرف مالی معاونت نہیں بلکہ ایک باعزت، محفوظ اور مستحکم زندگی کی فراہمی ہے۔ قیامِ پاکستان کے بعد سے مزدور طبقہ ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور اسی بنیاد پر ریاست نے یہ ذمہ داری قبول کی کہ جو ہاتھ دن رات محنت کر کے قومی ترقی کا پہیہ چلاتے ہیں، ان کے گھروں میں تعلیم، صحت، رہائش اور سماجی تحفظ کی روشنی بھی یکساں طور پر پہنچنی چاہیے۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ اسی سوچ کا تسلسل ہے جو آج وفاقی وزیر برائے سمندر پار پاکستانیز و انسانی وسائل کی ترقی چوہدری سالک حسین اور سیکرٹری ورکرز ویلفیئر فنڈ ذوالفقار احمد کی قیادت میں ایک مؤثر، شفاف اور جدید ادارے کی صورت اختیار کر چکا ہے۔حالیہ برسوں میں ورکرز ویلفیئر فنڈ نے جو عملی اقدامات کیے ہیں، وہ محض اعداد و شمار نہیں بلکہ لاکھوں محنت کش خاندانوں کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلی کا باعث بنے ہیں۔ فنڈ کی بنیادی توجہ رہائش، تعلیم، صحت اور فنی تربیت جیسے شعبوں پر مرکوز رہی ہے،
کیونکہ یہی وہ ستون ہیں جن پر کسی بھی خاندان کی سماجی ترقی استوار ہوتی ہے۔ ملک بھر میں مکمل ہونے والے 380 فلاحی منصوبے اس امر کا ثبوت ہیں کہ ادارہ محض منصوبہ بندی تک محدود نہیں بلکہ عمل درآمد میں بھی نمایاں کامیابی حاصل کر رہا ہے۔ ان منصوبوں میں 88 ہاؤسنگ اسکیمیں، 155 تعلیمی ادارے، 96 صحت کے مراکز اور 41 فنی تربیتی ادارے شامل ہیں جو براہ راست مزدور طبقے کی ضروریات کو پورا کر رہے ہیں۔رہائش کے شعبے میں ورکرز ویلفیئر فنڈ کی کارکردگی خصوصی توجہ کی مستحق ہے۔ اسلام آباد، پنجاب اور دیگر صوبوں میں تعمیر کیے گئے لیبر کمپلیکسز نہ صرف معیاری تعمیر کا نمونہ ہیں بلکہ ان میں جدید شہری سہولیات کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔ اسلام آباد زون فائیو میں قائم ہونے والا لیبر کمپلیکس، جہاں حال ہی میں بجلی کا افتتاح وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے کیا، اس بات کی واضح مثال ہے کہ ادارہ محنت کشوں کو باعزت اور محفوظ رہائش فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہا ہے۔ اس منصوبے کے تحت 1508 فلیٹس اور مکانات جلد ہی میرٹ کی بنیاد پر صنعتی کارکنان کے حوالے کیے جائیں گے، جو دارالحکومت میں کم آمدنی والے مزدور خاندانوں کے لیے ایک نئی زندگی کا آغاز ثابت ہوں گے۔اسی طرح ٹیکسلا لیبر کمپلیکس میں اسٹیٹ آف دی آرٹ 504 فلیٹس کی تکمیل اس امر کی غمازی کرتی ہے کہ ورکرز ویلفیئر فنڈ اب روایتی طرزِ تعمیر سے آگے بڑھ کر جدید تقاضوں کو مدنظر رکھ رہا ہے۔ پنجاب میں تعمیر ہونے والے تمام گھروں اور فلیٹس میں ورکرز ویلفیئر فنڈ اسلام آباد کی فنڈنگ اس بات کا ثبوت ہے کہ وفاقی سطح پر وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ صوبائی سطح پر بھی مزدور طبقہ یکساں سہولیات سے مستفید ہو سکے۔
تعلیم کے میدان میں ورکرز ویلفیئر فنڈ نے ایک وسیع اور مؤثر نیٹ ورک قائم کیا ہے۔ ویلفیئر اسکولز کے ذریعے محنت کشوں کے بچوں کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کی جا رہی ہے، جہاں نہ صرف نصابی سرگرمیوں پر توجہ دی جاتی ہے بلکہ کردار سازی اور ہم نصابی سرگرمیوں کو بھی اہمیت دی جاتی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم محنت کشوں کے بچوں کو پوسٹ گریجویشن تک تعلیمی معاونت فراہم کی جا رہی ہے، جس سے اعلیٰ تعلیم کے دروازے اس طبقے کے لیے کھل رہے ہیں جو ماضی میں مالی رکاوٹوں کے باعث پیچھے رہ جاتا تھا۔صحت کے شعبے میں بھی ورکرز ویلفیئر فنڈ کی کاوشیں قابلِ تحسین ہیں۔ ملک بھر میں قائم ہسپتالوں اور ڈسپنسریوں کے ذریعے محنت کشوں اور ان کے اہلِ خانہ کو معیاری طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ یہ مراکز نہ صرف علاج معالجے کی سہولت دیتے ہیں بلکہ حفاظتی صحت کے اصولوں کو بھی فروغ دیتے ہیں تاکہ بیماری سے پہلے احتیاط کا تصور مضبوط ہو۔خصوصی گرانٹس اور سماجی تحفظ کے اقدامات ورکرز ویلفیئر فنڈ کی پہچان بن چکے ہیں۔ میریج گرانٹ کے تحت ہر اہل محنت کش کی بیٹی کی شادی کے لیے چھ لاکھ روپے کی مالی معاونت فراہم کی جاتی ہے، جو اس دور میں ایک بڑی سہولت ہے۔ ڈیتھ گرانٹ کے ذریعے دورانِ ملازمت انتقال کرنے والے محنت کش کے خاندان کو دس لاکھ روپے کی فوری امداد دی جاتی ہے، اور یہ بات قابلِ فخر ہے کہ اس وقت میریج اور ڈیتھ گرانٹ کا ایک بھی کیس پینڈنگ نہیں، جو ادارے کی انتظامی صلاحیت اور شفافیت کا واضح ثبوت ہے۔ اسی طرح حج سہولت کے تحت ہر سال 85 محنت کشوں کو ورکرز ویلفیئر فنڈ کے خرچ پر فریضۂ حج ادا کرنے کا موقع فراہم کیا جاتا ہے، جو سماجی فلاح کے ساتھ ساتھ روحانی آسودگی کا ذریعہ بھی ہے۔

