کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) عدالتِ عالیہ بلوچستان کے چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایڈوکیٹ سید نذیر احمد آغا کی جانب سے دائر آئینی درخواست بنام چیف سیکرٹری حکومت بلوچستان و دیگر کی سماعت کی۔سماعت کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان محمد اسحاق نصر نے رفیق بلوچ، پروجیکٹ ڈائریکٹر چیف منسٹر پیکج فار کوئٹہ ڈویلپمنٹ (CMPQD) کے ہمراہ انسکمب روڈ اور زرغون روڈ کے مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے متعلق تصویری شواہد کے ساتھ رپورٹ پیش کی۔ عدالت نے پراجیکٹس کے وہ حصے جو تسلی بخش قرار دیے گئے، ریکارڈ کا حصہ بنا لیے۔عدالت کے نوٹس پر موجود ایڈووکیٹ ایسٹر مہک نے یادگار کی بروقت تکمیل سے متعلق تجاویز پیش کرتے ہوئے بتایا کہ میتھوڈسٹ چرچ کے متعلقہ حکام PD، CMPQD کے ساتھ مکمل تعاون کر رہے ہیں۔ انہوں نے عدالت سے استدعا کی کہ کرسمس کے پیش نظر تعمیراتی کام کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ عدالت نے PD کو ہدایت کی کہ وہ فوری ضروری اقدامات کرتے ہوئے تعمیراتی کام میں تیزی لائیں اور بطورِ اولین ترجیح امداد چوک کے کونے پر توجہ مرکوز کریں۔سریاب سروس روڈ اور اسٹارم واٹر ڈرین سے متعلق پیش رفت رپورٹ بھی عدالت میں پیش کی گئی، جس کے مطابق طوفانی پانی کا ڈرین 98 فیصد تک مکمل ہو چکا ہے۔ مجموعی لمبائی 15,905 میٹر ہے، جن میں سے 15,675 میٹر مکمل جبکہ صرف 230 میٹر کام باقی ہے۔ اسی طرح سڑک کی تعمیر کے حوالے سے بتایا گیا کہ 15,140 میٹر میں سے 13,500 میٹر تک اسفالٹک بیس کورس مکمل کر لیا گیا ہے اور باقی کام جاری ہے۔دلائل کے دوران نشاندہی کی گئی کہ ایئرپورٹ روڈ پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ آزمائشی بنیادوں پر نصب کیا جا چکا ہے جبکہ سولرائزیشن کے ذریعے انرجیائزیشن کا عمل جاری ہے، جو جلد مکمل ہونے کے بعد پلانٹ کو فعال بنا دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ شہر کے چار دیگر مقامات پر بھی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی تنصیب سے متعلق تفصیلات پیش کی گئیں۔ PD، CMPQD نے عدالت کو بتایا کہ ڈرین کا کام تقریباً 90 فیصد مکمل ہو چکا ہے جبکہ اسفالٹ بیس کورس بچھانے کا کام جاری ہے۔سریاب روڈ کے دو پلوں سے متعلق پروجیکٹ ڈائریکٹر مختار احمد نے تصویری شواہد اور تکمیل کی حتمی تاریخ کے ساتھ رپورٹ پیش کرنے کے لیے مہلت طلب کی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔کیسکو کی جانب سے ایڈووکیٹ غلام مصطفیٰ بزدار نے بتایا کہ کیسکو، PD کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے HT اور LT الیکٹرک لائنوں کے کھمبوں کی منتقلی یقینی بنائے گا تاکہ ٹریفک کی روانی میں رکاوٹیں ختم کی جا سکیں۔ پی ڈی نے بھی اس تعاون کو سراہتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ بندی مکمل ہے اور ضرورت پڑنے پر کیسکو سے مزید تعاون حاصل کیا جائے گا۔کوئٹہ کنٹونمنٹ بورڈ (QCB) کے ایڈووکیٹ راجیش ناتھ کوہلی نے عدالت کو آگاہ کیا کہ سمنگلی روڈ پر تجاوزات کے خاتمے کے لیے انسانی وسائل کی کمی کے باعث مشکلات درپیش ہیں اور اس ضمن میں مناسب احکامات جاری کرنے کی استدعا کی۔عدالت نے مشاہدہ کیا کہ سمنگلی روڈ کی توسیع سے قبل بے نظیر پارک کے اطراف فٹ پاتھ پر پھل فروشوں کا قبضہ تھا، اور سڑک کی توسیع کے بعد اب یہی فروش اپنی گاڑیاں سڑک پر کھڑی کر رہے ہیں جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی ہے۔ عدالت نے پی ڈی کو ہدایت کی کہ وہ پھل فروشوں اور گاڑیوں کے لیے جامع منصوبہ تیار کرے۔ عدالت نے تجویز دی کہ سمنگلی روڈ کی دکانوں اور جیل روڈ پر ہدہ قبرستان کے درمیان واقع ایک پلاٹ کو پارکنگ اور پھل فروشوں کی الاٹمنٹ کے لیے مناسب طریقہ کار کے تحت استعمال میں لایا جائے۔PD، CMPQD نے لاہور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے ماڈل کے مطابق سبزی و پھل فروش گاڑیوں کے لیے مخصوص مقامات ڈیزائن اور تعمیر کرنے پر آمادگی ظاہر کی، جس پر عدالت نے ایگزیکٹو آفیسرکیو سی بی کوپی ڈی کے ساتھ فوری اجلاس یقینی بنانے اور منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کی ہدایت کی۔عدالت نے حکم دیا کہ اس سلسلے میں جامع رپورٹ آئندہ سماعت پر پیش کی جائے۔ کیس کی مزید سماعت 5 مارچ 2026 تک ملتوی کر دی گئی۔عدالتی حکم کی نقل ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل کے دفتر کو ارسال کرنے کی ہدایت کی گئی تاکہ متعلقہ حکام تک معلومات اور تعمیل کے لیے پہنچائی جا سکے۔
عدالتِ عالیہ بلوچستان کے چیف جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس نجم الدین مینگل پر مشتمل دو رکنی بینچ نے ایڈوکیٹ سید نذیر احمد آغا کی جانب سے دائر آئینی درخواست کی سماعت کی

ٹیگز:
عدالتِ عالیہ
