قلعہ سیف اللہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان، سینیٹر حضرت مولانا عبدالواسع نے جامعہ دارالعلوم القصی، قلعہ سیف اللہ میں منعقدہ عظیم الشان دستارِ فضیلت کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر دستارِ فضیلت سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دینی مدارس درحقیقت اسلام کے مضبوط قلعے اور نظریاتی سرحدوں کے محافظ ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب معاشرہ فکری انتشار، اخلاقی زوال اور شدید مایوسی کا شکار ہے، ایسے نازک حالات میں دینی مدارس ہی وہ ادارے ہیں جو اسلام کی اساسی بنیادوں، دینی تشخص اور نظریاتی اقدار کا تحفظ کر رہے ہیں۔ محدود وسائل کے باوجود علماء کرام جس خلوص، قربانی اور محنت کے ساتھ طلبہ کی تربیت اور تعلیم کا فریضہ سرانجام دے رہے ہیں، وہ قابلِ تحسین ہی نہیں بلکہ لائقِ تقلید ہے۔سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ دینی مدارس سے ہر سال ایسی تربیت یافتہ اور باکردار افرادی قوت تیار ہو رہی ہے جو علم و عمل، تقویٰ و کردار اور بصیرت و استقامت کے اعلیٰ معیار پر پورا اترتی ہے۔ یہ علماء اور فضلاء ملک و ملت، دینِ اسلام اور پاکستان کی خدمت میں ہمہ وقت مصروفِ عمل ہیں اور معاشرے میں اصلاح، امن، رواداری اور اعتدال کے فروغ کا سبب بن رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمن کی مدبر، دوراندیش اور اصولی قیادت میں جمعیت علماء اسلام اس وقت ملک کے طول و عرض میں دینی مدارس کی ناموس، خودمختاری اور دفاع کے لیے صفِ اوّل کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ایسے وقت میں جب بیشتر سیاسی قوتیں محض اپنے وقتی اور ذاتی مفادات کے اسیر ہیں، قائد جمعیت اور جمعیت علماء اسلام نے ہمیشہ امت کے اجتماعی مفاد، دینی تشخص اور دینی شعائر کے تحفظ کو ترجیح دی ہے۔انہوں نے کہا کہ چاہے آئینی ترامیم کا مرحلہ ہو یا ملکی قانون سازی کا عمل، جمعیت علماء اسلام نے ہر فورم پر مدارس کے حقوق اور دینی اقدار کا بھرپور دفاع کیا ہے۔ حالیہ چھبیسویں آئینی ترمیم کے موقع پر جمعیت علماء اسلام نے تمام تر سیاسی دباؤ اور مفاداتی تقاضوں کو یکسر مسترد کرتے ہوئے مدارس کی رجسٹریشن کے بل کو ترجیح دی اور سود کے خاتمے سے متعلق بل کو مقدم رکھ کر یہ ثابت کر دیا کہ جے یو آئی کی سیاست اقتدار نہیں بلکہ اصول، نظریہ اور دین کی سربلندی کے گرد گھومتی ہے۔آخر میں انہوں نے علماء کرام، طلبہ اور منتظمین مدارس پر زور دیا کہ وہ اتحاد، استقامت اور بصیرت کے ساتھ اپنے عظیم مشن کو جاری رکھیں، کیونکہ دینی مدارس ہی اس ملک کی نظریاتی بنیادوں کے حقیقی محافظ ہیں اور انہی کے ذریعے پاکستان کا اسلامی تشخص محفوظ ہے۔
جے یو آئی کی سیاست اقتدار نہیں بلکہ اصول، نظریہ اور دین کی سربلندی کے گرد گھومتی ہے، مولانا عبدالواسع

ٹیگز:
مولانا عبدالواسع
