کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) جامعہ بلوچستان کے شعبہ جیوفزکس میں مائنز اینڈ منرلز ڈپارٹمنٹ کے افسران کے لیے جیوفزیکل آلات کے عملی استعمال سے متعلق ایک ہفتہ تربیتی ورکشاپ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔افتتاحی سیشن کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی تھے۔ انہوں نے شرکاء کو خوش آمدید کہا اور ورکشاپ کے انعقاد کو تعلیمی و صنعتی شعبوں کے مابین تعاون کا مثبت قدم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید جیوفزیکل تکنیکیں، ماحولیاتی تحقیق اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، اور اس نوعیت کی تربیت سے افسران کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں نمایاں بہتری آئے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ شعبہ جیوفزکس سائنسی تحقیق اور عملی تربیت کے میدان میں متحرک ہے اور ایسے پروگرام صوبے کی ترقی میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔اس موقع پر چیئرمین شعبہ جیوفزکس ڈاکٹر محب اللہ، ڈین فیکلٹی ڈاکٹر محمد ایوب، اور ڈی جی ایڈمن گل محمد کاکڑ نے بھی شرکت کی اور ورکشاپ کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی۔ورکشاپ میں افسران کو جدید جیوفزیکل آلات، فیلڈ ڈیٹا کلیکشن، سیسمک تکنیکس، الیکٹریکل ریزسٹیوٹی سرویز اور معدنی تحقیق میں ان کے استعمال سے متعلق عملی تربیت فراہم کی جا رہی ہے۔ تربیت دینے والوں میں ماہرین ڈاکٹر کامِل خان اور ڈاکٹر بلال احمد شامل ہیں۔
جدید جیوفزیکل تکنیکیں، ماحولیاتی تحقیق اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں، پروفیسر ڈاکٹرظہوراحمد بازئی

