گوادر(ڈیلی گرین گوادر)گوادر یونیورسٹی اور انڈی ویجوئل لینڈ کے اشتراک سے میڈیا لٹریسی اور ڈیجیٹل حقوق کے موضوع پر تین روزہ تربیتی ورکشاپ کا باقاعدہ افتتاح پیر کے روز جامعہ گوادر کے مین سیمینار ہال میں ہوا۔ افتتاحی تقریب کی صدارت وائس چانسلر جامعہ گوادر پروفیسر ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے کی۔ اپنے خطاب میں وائس چانسلر نے کہا کہ موجودہ دور میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل میڈیا کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے بارے میں آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال معاشرے میں غلط فہمیوں اور بے چینی کا باعث بنتا ہے، اس لیے ضروری ہے کہ نوجوان اس کے مثبت اور مؤثر استعمال سے واقف ہوں۔ ڈاکٹر عبدالرزاق صابر نے اس تربیتی ورکشاپ کو طلبہ کے لیے نہایت مفید قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے پروگرامز نہ صرف ان کی پیشہ ورانہ مہارتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ انہیں مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے قابل بھی بناتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل میں ڈیجیٹل میڈیا کے استعمال کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے، اور اس پیش رفت کے پیش نظر ایسی تربیت وقت کی ناگزیر ضرورت ہے۔ وائس چانسلر نے کہا کہ حکومت بلوچستان نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل سکلز فراہم کرنے کے لیے سنجیدہ کوششیں کر رہی ہے تاکہ وہ ملک و قوم کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر سکیں۔ ورکشاپ کے دوران ٹرینرز نے شرکاء کو میڈیا کے جدید تقاضوں، معلومات کی درستگی، خبر کی تصدیق، میڈیا ایتھکس اور ڈیجیٹل رائٹس سے متعلق تفصیلی آگاہی فراہم کی۔ مختلف عملی سیشنز میں صحافیوں اور طلباء کو ڈیجیٹل میڈیا کے ذمہ دارانہ استعمال سے متعلق عملی تربیت بھی دی گئی۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء میں اسناد (سرٹیفیکیٹس) تقسیم کیے گئے۔
دور حاضر میں نوجوانوں کو ڈیجیٹل میڈیا کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال سے آگائی دینا انتہائی ضروری ہے، ڈاکٹر عبدالرزاق صابر

ٹیگز:
ڈاکٹر عبدالرزاق صابر
