کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)عوام پاکستان پارٹی بلوچستان کے صوبائی جنرل سیکرٹری پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں مختلف جماعتوں کی جانب سے رابطے کیے جا رہے ہیں تاہم پارٹی کی ترجیح عوامی مفاد اور شہر کے دیرینہ مسائل کا حل ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی سیاسی جماعت کے ساتھ حتمی فیصلہ وسیع تر مشاورت اور پارٹی فورمز سے منظوری کے بعد ہی کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام پاکستان پارٹی ایک اصولی، ترقی پسند اور عوام کے حقیقی مسائل کی ترجمانی کرنے والی جماعت ہے، اس لیے کوئی بھی سیاسی فیصلہ عوامی ایجنڈے، شفافیت اور کوئٹہ کے مسائل کی سنگینی کو سامنے رکھ کر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے انفراسٹرکچر، پانی، صفائی، ٹریفک اور صحت کے مسائل پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں کیا جائے گا۔ پروفیسر ڈاکٹر حلیم صادق نے کہا کہ بلدیاتی سطح پر حقیقی خدمت وہی جماعت کر سکتی ہے جو زمینی حقائق کو سمجھے اور شہریوں کی روزمرہ مشکلات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا وژن رکھتی ہو۔ انہوں نے بتایا کہ جلد پارٹی کی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس بلایا جائے گا، جس میں تمام تجاویز، دیگر جماعتوں سے ہونے والی بات چیت اور ممکنہ حکمت عملی کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی قائدین کو مکمل طور پر اعتماد میں لیا جائے گا اور پارٹی کا کوئی بھی فیصلہ فردِ واحد کے مفاد کے بجائے اجتماعی عوامی مفاد کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ عوام پاکستان پارٹی کوئٹہ میں مثبت، عملی اور عوامی سیاست کا متبادل فراہم کرے گی۔ انہوں نے کارکنوں، عوام اور سماجی حلقوں سے اپیل کی کہ وہ شہر کے بہتر مستقبل کے لیے متحد رہیں، کیونکہ کوئٹہ کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اور مضبوط سیاسی فیصلہ ناگزیر ہے۔
کوئٹہ کے مسائل پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے ٗعوامی مفاد اولین ترجیح ہے ٗپروفیسر حلیم صادق

ٹیگز:
حلیم صادق
