قلات(ڈیلی گرین گوادر)ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عوامی مسائل سننے اور ان کے فوری حل کے لیے ڈی سی کمپلیکس قلات میں کھلی کچہری منعقد کی گئی، جس میں عوام کی بڑی تعداد سمیت سیاسی، قبائلی شخصیات، سرکاری محکموں کے سربراہان، صحافیوں اور منتخب نمائندوں نے شرکت کی۔کھلی کچہری میں ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی، کرنل ضرار 329 بریگیڈ، ایس پی قلات زاہد حسین شاہ، ایف سی کے میجر ابدال اور میجر طلحہ، چیئرمین میونسپل کمیٹی نوابزادہ شعیب جان زہری اور دیگر اعلی حکام موجود تھے۔عوام اور علاقہ معززین نے امن و امان، زاوہ ڈیم کی تاخیر، لوکل سرٹیفکیٹ کے مسائل، محکمہ تعلیم کی بھرتیوں میں بے ضابطگیوں، گرانفروشی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، سبزی منڈی کی عدم فعالیت، انٹرنیٹ کی بندش اور زمینداروں کے زرعی مسائل سمیت درجنوں اہم مسائل پیش کیے۔ڈپٹی کمشنر قلات نے محکموں کے سربراہان کو عوامی شکایات کے فوری حل کے لیے سخت ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہری کا مقصد عوام کو براہِ راست انتظامیہ سے جوڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرے لیے سب برابر ہیں، بلا تفریق عوام کی خدمت میرا ایمان ہے، محکموں کے سربراہان اپنے دفاتر میں حاضری یقینی بنائیں تاکہ کسی شہری کو مشکلات نہ ہوں۔انہوں نے سیاسی و قبائلی رہنماؤں، صحافی برادری اور عوام سے اپیل کی کہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ تعاون جاری رکھیں تاکہ اجتماعی مسائل فوری حل ہوسکیں۔
قلات ٗبلا تفریق عوام کی خدمت میرا ایمان ہے، کسی کو مایوس نہیں ہونے دونگا،ڈپٹی کمشنر منیر احمد درانی

ٹیگز:
قلات
