خضدار(ڈیلی گرین گوادر)ضلع خضدار میں سائبر کرائم کا ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے جہاں آن لائن “دھوکہ باز” نے خضدار کے شہری ایم کے سمالانی کے نام پر جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر ان کے سعودی عرب میں موجود دوست سے بینک اکاؤنٹ کے ذریعے ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے زائد کی رقم منگوالی۔ ایم کے سمالانی، جو خضدار کوڑاسک کے رہائشی ہیں، کے مطابق نامعلوم ملزم نے فیس بک پر ایم کے سمالانی کے نام، تصاویر اور ذاتی معلومات استعمال کرتے ہوئے ایک جعلی اکاؤنٹ بنا رکھا تھا۔ اس جعلی آئی ڈی سے ملزم نے سمالانی کے سعودی عرب میں مقیم دوست سے رابطہ کیا اور مالی مدد کی اپیل کی۔ملزم نے دوست کو بتایا کہ ایم کے سمالانی خضدار میں ہے اور انہیں فوری طور پر رقم کی ضرورت ہے۔ اعتماد میں لینے کے لیئے جعلی اکاؤنٹ سے مسلسل چیٹنگ کی گئی اور آخر کار سعودی دوست نے بینک ٹرانسفر کے ذریعے 5 لاکھ 50 ہزار روپے پاکستان کے ایک بینک اکاؤنٹ میں منتقل کر دیے۔ رقم ٹرانسفر ہونے کے فوراً بعد جعلی اکاؤنٹ غائب ہو گیا۔سعودی دوست نے اصل ایم کے سمالانی سے رابطہ کیا تو پتہ چلا کہ وہ پاکستان میں ہیں اور انہوں نے کوئی رقم نہیں مانگی۔
خضدار میں سائبر فراڈ کا واقعہ شہری کے نام پر جعلی فیس بک آئی ڈی بنا کر سعودی عرب سے ساڑھے پانچ لاکھ روپے منگوالئے

ٹیگز:
خضدار
