کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)محکمہ انسدادِ بدعنوانی بلوچستان نے ایک مظلوم خاتون کی جائیداد غیر قانونی طور پر منتقل کرنے کی سنگین سازش کو ناکام بناتے ہوئے سابق سب رجسٹرار و نائب تحصیلدار دالبندین ضلع چاغی کریم بخش کو گرفتار کر لیا ہے۔ باقی ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ جاری ہے۔ترجمان محکمہ انسدادِ بدعنوانی بلوچستان کے مطابق ایک متاثرہ خاتون (ع۔بی بی) سکنہ دالبندین، حال مقیم کوئٹہ، نے ڈائریکٹر جنرل انسدادِ بدعنوانی بلوچستان نصیب اللہ کاکڑ کو تحریری درخواست میں شکایت کی تھی کہ اس کے سابق شوہر محمد خیر نے جعلی پاور آف اٹارنی (مختار نامہ) تیار کر کے 1742 مربع فٹ ذاتی ملکیت جائیداد کو ایک دوسری خاتون کے نام پر غیر قانونی طور پر منتقل کیا ہے۔درخواست موصول ہونے پر ڈائریکٹر جنرل نے فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کے احکامات جاری کیے۔ تفصیلی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ متاثرہ خاتون ہی جائیداد کی اصل مالک ہے اور منتقلی جعلی دستاویزات اور ریونیو اہلکاروں کی ملی بھگت سے کی گئی تھی جبکہ جعلی پاور آف اٹارنی بھی چاغی میں ہی بنائی گئی۔تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ سابق سب رجسٹرار و نائب تحصیلدار دالبندین کریم بخش نے کسی قسم کی تصدیق کے بغیر جعلی پاور آف اٹارنی کی بنیاد پر جائیداد منتقلی کی منظوری دی، جس کے نتیجے میں ریونیو عملے نے خلافِ قانون جائیداد کا اندراج دوسری خاتون کے نام پر کیا۔مزید تحقیقات میں ملزمان محمد خیر ولد خان، محمد حبیب ولد نور خان، محمد عیسی ولد کمشاد، اور شبیر احمد ولد محمد عالم ماندازئی کے نام بھی سامنے آئے، جو جعلسازی، دھوکہ دہی، اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے مرتکب پائے گئے۔محکمہ انسدادِ بدعنوانی بلوچستان کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے مرکزی سرکاری ملزم سابق سب رجسٹرار چاغی کریم بخش کو گرفتار کر لیا جبکہ دیگر ملوث عناصر کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ڈائریکٹر جنرل محکمہ انسدادِ بدعنوانی بلوچستان نے کہا ہے کہ وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی صاحب کے احکامات کے مُطابق بلوچستان میں کرپشن، جعلسازی اور عوامی حقوق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ محکمہ انسدادِ بدعنوانی ہر شہری، بالخصوص خواتین کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔ کسی بھی بااثر فرد یا سرکاری اہلکار کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔محکمہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بدعنوانی، جعلسازی یا اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق شکایات بلا خوف و خطر محکمہ کے قریبی دفاتر یا آفیشل ہیلپ لائن پر درج کروائیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
محکمہ انسدادِ بدعنوانی بلوچستان کی بڑی کارروائی، جعلی پاور آف اٹارنی کے ذریعے جائیداد ہتھیانے کی کوشش ناکام

ٹیگز:
انسدادِ بدعنوانی
