لاہور (ڈیلی گرین گوادر)سیکرٹری جنرل حلقہ خواتین جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر حمیرا طارق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کا نصب العین ایک نظریۂ حیات ہے، جسے سمجھ کر اپنی زندگی کا مشن بنانا ہر رکنِ جماعت کی اولین ذمہ داری ہے۔ وہ منصورہ آڈیٹوریم میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی لاہور کی نو منتخب ناظمہ عظمیٰ عمران کی تقریبِ حلف برداری سے خطاب کر رہی تھیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے اپنے خطاب میں 1947 میں قیامِ پاکستان کے وقت جماعت اسلامی کی جدوجہد، محنت اور عزم و استقلال کا تفصیلی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت اور کارکنان نے بانیانِ پاکستان کے ساتھ اخلاص، وفاداری اور جذبۂ خدمت کے ساتھ قوم کی رہنمائی کی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا پیغام صرف ایک سیاسی یا سماجی نعرہ نہیں، بلکہ ایک ایسی تحریک ہے جو زندگی کے ہر پہلو میں قرآن و سنت کی بالادستی کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے۔ تقریب کے دوران ڈاکٹر حمیرا طارق نے نو منتخب ناظمہ حلقہ لاہور عظمیٰ عمران سے حلف لیا اور انہیں ذمہ داری سنبھالنے پر استقامت، حوصلے اور مستقل مزاجی سے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی دعا دی۔اس موقع پر ناظمہ اجتماعِ عام حلقہ خواتین ثمینہ سعید، ڈپٹی سیکرٹری زبیدہ جبیں، ناظمہ صوبہ وسطی پنجاب نازیہ توحید اور ناظمہ ضلع غربی لاہور کلثوم رانجھا سمیت دیگر عہدیداران بھی موجود تھیں۔ڈاکٹر حمیرا طارق نے اپنے خطاب کے اختتام پر کہا کہ جماعت اسلامی کی خواتین اپنے کردار، علم اور تربیت کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی کی علمبردار ہیں، اور یہی تحریکِ اسلامی کی اصل روح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی کا تاریخی اجتماعِ عام مینارِ پاکستان ایک عظیم روحانی و فکری تجدید کا موقع ہوگا، جہاں قوم کو قرآن و سنت کی روشنی میں ایک صالح نظامِ زندگی کی دعوت دی جائے گی۔ انہوں نے کارکنانِ جماعت خصوصاً نوجوان خواتین سے اپیل کی کہ وہ اس اجتماعِ عام میں بھرپور شرکت کریں اور اسے ایک نئے عزم، اتحاد اور تبدیلی کی علامت بنائیں۔
جماعت اسلامی کے نصب العین کو اپنی زندگی کا مشن بنائیں، ڈاکٹر حمیرا طارق

ٹیگز:
ڈاکٹر حمیرا
