کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)وفاقی حکومت نے جعلی شناختی کارڈز، لوکل اور ڈومیسائل رکھنے والے غیر ملکیوں کے خلاف بلوچستان بھر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈان شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں وفاقی وزارت داخلہ نے بلوچستان حکومت کو باضابطہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے، جس میں غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کی نشاندہی، کارروائی اور جعلی دستاویزات کی منسوخی کے احکامات دیے گئے ہیں۔مراسلے کے مطابق نادرا، ایف آئی اے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مشترکہ حکمت عملی تیار کر لی ہے۔ پہلے مرحلے میں صوبے کے تمام اضلاع سے جعلی شناختی کارڈ رکھنے والے مشتبہ افراد کی فہرستیں تیار کی جا رہی ہیں، جن میں کوئٹہ، چمن، پشین، قلعہ عبداللہ، نوشکی، لورالائی، ژوب، خضدار اور تربت سرفہرست ہیں۔ذرائع کے مطابق آئندہ مرحلے میں ایسے تمام جعلی شناختی کارڈ منسوخ کر دیے جائیں گے اور ان کے حامل افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، جس میں گرفتاریاں، بھاری جرمانے اور ملک بدری شامل ہوں گی۔ ان کے لوکل اور ڈومیسائل سرٹیفکیٹس کی بھی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی تاکہ جعل سازی کے نیٹ ورک کا خاتمہ کیا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام ملک کی داخلی سلامتی کو مضبوط بنانے اور قومی ڈیجیٹل نظام میں شفافیت لانے کے لیے ناگزیر ہے۔ متعدد غیر ملکی، خصوصا افغان شہری، جعلی پاکستانی شناختی کارڈز کے ذریعے ملک میں غیر قانونی طور پر مقیم پائے گئے ہیں اور بعض حساس نوعیت کی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔نادرا حکام کے مطابق کسی بھی حقیقی پاکستانی شہری کو ہراساں نہیں کیا جائے گا، تاہم جعلی دستاویزات رکھنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے گی۔ امکان ہے کہ آئندہ چند ہفتوں میں بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بڑے پیمانے پر کارروائیاں عمل میں آئیں گی۔ یہ اقدام پاکستان میں قومی شناختی نظام کو محفوظ، شفاف اور معتبر بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
وفاقی حکومت کا بلوچستان بھر میں جعلی شناختی کارڈز رکھنے والے غیر ملکیوں کے خلاف بڑا کریک ڈان شروع کرنے کا فیصلہ

ٹیگز:
وفاقی
