کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)کوئٹہ کے نواحی علاقے سرہ خولہ شیخ بابا ہوٹل میں فائرنگ کے ایک واقعے میں نوجوان مزدور جاں بحق ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ابتدائی اطلاع کے مطابق مقتول کی شناخت شبیر احمد ولد محمد یوسف قوم ترین کے نام سے ہوئی جو محنت مزدوری کرتا تھا۔ابتدائی رپورٹ (نمبر 76/25) کے مطابق مقدمہ تھانہ ہونہ اوڑک میں محمد اعظم ولد قاری محمد عمر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ مدعی نے بتایا کہ اس کا بھانجا شبیر احمد مغرب کی نماز کے بعد اپنے ہمسائے شاہد ولد محمد جان اور اس کے دوست اکرام ولد محمد داود کے ساتھ موٹر سائیکل پر گھر سے نکلا۔ کچھ دیر بعد اطلاع ملی کہ اس پر فائرنگ کی گئی ہے اور وہ زخمی حالت میں سول ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔پولیس رپورٹ کے مطابق، فائرنگ کا واقعہ ہوٹل کے کچن میں پیش آیا جہاں ملزمان نے نامعلوم وجوہات کی بنا پر پسٹل سے شبیر احمد کے سر پر گولی ماری۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش کا معائنہ کیا، جس میں سر کے بائیں جانب گولی کا داخلہ اور اوپر سے اخراج پایا گیا۔ابتدائی طور پر مقدمہ دفعہ 302 اور 34 تعزیراتِ پاکستان کے تحت درج کرلیا گیا ہے۔ پولیس نے مقتول کی نعش کو پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا، جبکہ ملزمان شاہد ولد محمد جان اور اکرام ولد محمد داود کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔
کوئٹہ، سرہ خولہ شیخ بابا ہوٹل میں فائرنگ سے نوجوان قتل، دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج

ٹیگز:
سرہ خولہ
