کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان یونین آف جرنلسٹس (بی یو جے)نے اسلام آباد نیشنل پریس کلب پر پولیس دھاوے اور وہاں موجود صحافیوں اور عملے کے دیگر ارکان پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔ بی یو جے نے اسے آزادی صحافت، انسانی حقوق، اور جمہوری اقدار پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔صدر بی یو جے خلیل احمد اور جنرل سیکرٹری عبدالغنی کاکڑ نے نیشنل پریس کلب پر ہونے والی پولیس کارروائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام پاکستان کی صحافتی تاریخ میں ایک سیاہ باب ہے جسے کسی بھی صورت نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس خلاف ضابطہ اقدامات کے ذریعے صرف تشدد نہیں کر رہی بلکہ معاشرے کی آواز کو دبانے کی کوشش کر رہی ہے، جس میں وہ کبھی کامیاب نہیں ہو سکتی۔بی یو جے کے رہنماں نے کہا کہ آزادی صحافت کے خلاف یہ اقدامات ملک میں آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر سنگین سوالات کھڑے کرتے ہیں۔ نیشنل پریس کلب اظہارِ رائے کی آزادی کا علامتی مرکز ہے اور اس پر حملہ دراصل پورے معاشرے کی آواز دبانے کی ایک مذموم کوشش ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ نیشنل پریس کلب پر حملے میں ملوث اہلکاروں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کسی کو بھی میڈیا کے نمائندوں پر ہاتھ اٹھانے کی ہمت نہ ہو۔
بی یو جے نے کا اسلام آباد پریس کلب پر پولیس دھاوے اور صحافیوں پر تشدد کی شدید مذمت

ٹیگز:
بی یو جے
