کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) مرکزی تنظیم تاجران بلوچستان کے مرکزی ترجمان کاشف حیدری نے کہا ہے کہ میٹروپولیٹن کارپوریشن کی جانب سے صفائی کے نام پر پرائیویٹ کمپنی کے ذریعے دکانداروں اور تاجروں سے ٹیکس وصولی ناقابل قبول اور غیر قانونی عمل ہے جسے کسی صورت تسلیم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہر کے تاجر پہلے ہی مہنگائی، بجلی کے بلوں پر درجنوں ٹیکسز اور کاروباری جمود کے باعث سخت پریشان ہیں، ایسے حالات میں مزید ٹیکس مسلط کرنا تاجروں کے ساتھ زیادتی اور سراسر ناانصافی ہے۔ یہ بات انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ کاشف حیدری نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں میٹروپولیٹن کارپوریشن کی کارکردگی پہلے ہی صفر کے برابر رہی ہے، مذہبی اجتماعات، مجالس اور جلسے جلوس کے دوران صفائی کا مؤثر نظام نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اب جب شہر کو صفا کوئٹہ کے نام پر پرائیویٹ کمپنی کے حوالے کیا گیا ہے تو صورتحال مزید بگڑ چکی ہے اور صفائی کا پورا نظام درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہر بھر میں دکاندار اپنے اپنے کاروباری مقامات کے سامنے کچرا خود صاف کرنے پر مجبور ہیں جبکہ دوسری طرف صفائی کے نام پر ٹیکس وصولی تاجروں کو مزید معاشی دباؤ میں دھکیل رہی ہے۔ صوبائی ترجمان نے کہا کہ اگر انتظامیہ نے فوری طور پر اس غیر قانونی ٹیکس کو ختم نہ کیا تو مرکزی تنظیم تاجران پاکستان احتجاجی تحریک شروع کرنے پر مجبور ہوگی اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ اداروں پر عائد ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری متحد ہے اور کسی بھی غیر منصفانہ اقدام کو تسلیم نہیں کرے گی۔
صفا کوئٹہ کمپنی کے ذریعے ٹیکس وصولی،تاجر برادری کو کسی صورت قبول نہیں، کاشف حیدری

ٹیگز:
کاشف حیدری
