کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان حکومت اور آل پارٹیز کے درمیان کمشنر آفس میں ہونے والے اہم اجلاس میں گرفتار کارکنوں کی رہائی اور بلوچستان بھر میں درج مقدمات واپس لینے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس وزیراعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر منعقد ہوا۔اجلاس میں حکومتی وفد کی نمائندگی صوبائی وزرا میر ظہور احمد بلیدی، میر شعیب نوشیروانی، بخت محمد کاکڑ نے کی جبکہ زمرک خان اچکزئی بطور ثالث شریک ہوئے۔اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے بی این پی کے ایڈووکیٹ ساجد خان ترین، اختر حسین لانگو، آغا حسن بلوچ، پشتونخوامیپ کے تالیمند خان، مجید خان اچکزئی، اے این پی کے چیئرمین اسلم بلوچ، چنگیز خان بلوچ، اصغر خان اچکزئی، رشید خان ناصر، ولی داد میانی، پی ٹی آئی کے ایڈووکیٹ سلام آغا، ملک فیصل دہوار، جماعت اسلامی کے زاہد اختر بلوچ، جمیل احمد مشوانی اور مجلس وحدت المسلمین کے مولانا ولایت حسین اور محمد یونس سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما شریک ہوئے۔اجلاس میں حکومتی وفد نے وزیراعلی بلوچستان کی ہدایت پر خیر سگالی کے تحت سیاسی جماعتوں کے گرفتار کارکنوں کی رہائی اور مقدمات واپس لینے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر آل پارٹیز نے یقین دہانی کرائی کہ احتجاج کے دوران کسی بھی قسم کا پرتشدد واقعہ رونما نہیں ہوگا اور تمام سرگرمیاں ایس او پیز کے مطابق پرامن طریقے سے انجام دی جائیں گی۔
بلوچستان حکومت و آل پارٹیز مذاکرات کامیاب، گرفتار کارکنوں کی رہائی اور مقدمات واپس لینے کا فیصلہ

ٹیگز:
بلوچستان
