گلگت (ڈیلی گرین گوادر) گلگت بلتستان حکومت کا ہیلی کاپٹر ضلع دیامر کے علاقے چلاس میں گر کر تباہ ہوگیا، حادثے میں پائلٹ اور معاون پائلٹ سمیت عملے کے 5 ارکان جاں بحق ہوگئے ۔گلگت بلتستان حکومت کے ترجمان فیض اللہ فراقی نے ایک بیان میں تصدیق کی کہ ’ہمارا ایک ہیلی کاپٹر تھور، چلاس میں گر کر تباہ ہو گیا ہے‘۔انہوں نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر میں دو پائلٹ اور تکنیکی عملے کے 3 ارکان سوار تھے، دیامر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) عبدالحمید نے بھی ایک بیان میں کہا کہ ’اطلاعات کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے میں 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں‘۔ایس ایس پی عبدالحمید کے مطابق ہیلی کاپٹر ایک مجوزہ نئے ہیلی پیڈ پر ٹیسٹ لینڈنگ کر رہا تھا, انہوں نے بتایا کہ دیامر پولیس اور ریسکیو ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔حادثے کی وجہ کے بارے میں ایس ایس پی کا کہنا تھا کہ ابھی تک کچھ کہنا قبل از وقت ہے، جبکہ جی بی حکومت کے ترجمان نے ابتدائی طور پر ’تیکنیکی خرابی‘ کو حادثے کی وجہ قرار دیا ہے۔
گلگت حکومت کا ہیلی کاپٹر چلاس میں گر کر تباہ ` 5 ارکان جاں بحق

ٹیگز:
گلگت
