کوئٹہ:آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز اتحاد کے مرکزی ترجمان نے الزام عائد کیا ہے کہ مستونگ پولیس امن و امان قائم کرنے کے بجائے مسافر گاڑیوں سے بھتہ خوری اور ڈرائیوروں پر بلاجواز تشدد میں ملوث ہے۔ترجمان نے کہا کہ مین مستونگ شاہراہ پر پولیس اہلکار مسافر کوچز، بسوں اور ویگنوں سے لاکھوں روپے تک بھتہ طلب کرتے ہیں، اور بھتہ نہ دینے والے ڈرائیوروں کو مسافروں کے سامنے گالی گلوچ اور تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اس رویے نے نہ صرف ٹرانسپورٹرز کو شدید مشکلات میں مبتلا کر دیا ہے بلکہ مسافر بھی خوف و ہراس کا شکار ہیں۔ ترجمان نے واضح کیا کہ پولیس کا اصل کام عوام کی خدمت اور سہولت ہے لیکن مستونگ پولیس نے اپنی کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے محکمے کی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔آل بلوچستان ٹرانسپورٹرز اتحاد نے آئی جی بلوچستان سے مطالبہ کیا کہ مستونگ پولیس کی مبینہ بھتہ خوری اور تشدد کے واقعات کا فوری نوٹس لے کر ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ عوام کا پولیس پر اعتماد بحال ہو سکے۔
مستونگ پولیس کی مبینہ بھتہ خوری اور مسافروں پر تشدد، ٹرانسپورٹرز کا سخت احتجاج

