کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے 78ویں یوم آزادی کے موقع پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی اللہ تعالی کی عظیم نعمت ہے، جو ہمارے آبا و اجداد کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں ملی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا قیام دو قومی نظریے کی بنیاد پر عمل میں آیا اور وطن سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت کے بغیر پاکستان کا قیام ممکن نہ تھا، اس لیے ہمیں اس نعمت کی قدر کرتے ہوئے اس کی حفاظت کے لیے ہر ممکن کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ 14 اگست کا دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ وطن کی عزت اور حرمت کو ہر چیز پر مقدم رکھنا چاہیے۔ قائداعظم کے فرمودات اور علامہ اقبال کے افکار کو مشعل راہ بنا کر پاکستان کو ایک عظیم اسلامی مملکت بنایا جا سکتا ہے۔ اس وقت وطن عزیز کو اندرونی و بیرونی چیلنجز اور دہشت گردی کا سامنا ہے، مگر اتحاد و اتفاق سے دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ماضی سے سبق سیکھ کر ملک کی تعمیر و ترقی میں کردار ادا کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلیں فخر سے ہمیں یاد کریں۔ آخر میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی ہمیشہ پاکستان کی حفاظت فرمائے اور اسے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھے۔
یوم آزادی اللہ کی عظیم نعمت ہے، جس کی حفاظت ہم سب پر فرض ہے،عبدالقدوس بزنجو

ٹیگز:
عبدالقدوس بزنجو
