کراچی (ڈیلی گرین گوادر) کراچی کے تھانہ شاہ لطیف میں اسٹیشن ہاؤس آفیسر (ایس ایچ او) صدر الدین میرانی اور ہیڈ محرر سلیم مغل کی اسپیشل پارٹی کے کارندوں نے نوجوان کو تھانے میں لاکر گولی مار کر قتل کر دیا، دونوں ملزمان گرفتار، شواہد مٹانے کی کوشش پر ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کیخلاف بھی مقدمہ درج کرکے کرلیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے ضلع ملیر کے تھانہ شاہ لطیف ٹاؤن میں گزشتہ شب ایک نوجوان کی فائرنگ سے ہلاکت کی اطلاع ملی تھی، جس پر ابتدائی طور پر شاہ لطیف پولیس نے بتایا تھا کہ دو نوجوان ایک شخص کو تھانے لائے تھے، اور اسے ڈکیت ظاہر کیا تھا، اس دوران دونوں نوجوانوں اور مبینہ ڈکیت میں جھگڑا ہوا، ایک شخص نے اسلحہ نکال کر فائرنگ کردی، جس سے مبینہ ڈکیت ہلاک ہوگیا۔تھانہ شاہ لطیف پولیس نے بتایا تھا کہ دونوں نوجوانوں کو حراست میں لیکر تفتیش شروع کردی ہے، جاں بحق شخص کے حوالے سے تفصیلات جمع کی جارہی ہیں۔تاہم سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) ملیر ڈاکٹر عبدالخالق نے تھانے میں نوجوان کی ہلاکت کا نوٹس لیا تھا، جس کی ابتدائی انکوائری مکمل کرلی گئی، جس میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے ہیں۔ابتدائی انکوائری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا کہ نوجوان کو عاطف اور شاہ زیب نے تھانےلاکر گولیاں ماریں، دونوں ملزمان ایس ایچ او اور ہیڈمحرر کی اسپیشل پارٹی میں ہیں، ملزمان عاطف اور شاہ زیب کو گرفتار کیا جاچکا ہے، ایس ایچ او اور ہیڈ محرر کے خلاف شواہد مٹانے کی کوشش پر مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
نوجوان کو تھانے لاکر قتل کر دیا

ٹیگز:
نوجوان
