اسلام آباد (ڈیلی گرین گواد ر) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر نے نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے 16ویں سیشن کے شرکاء سے ملاقات کی، جس میں سول سرونٹس اور ماہرین تعلیم و دیگر بھی شریک ہوئے۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے خطاب میں بھارت کی جانب سے دہشت گرد عناصر کی سرپرستی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں شکست خوردہ بھارت اب ہائبرڈجنگ کوفروغ دےرہاہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت معرکہ حق میں شکست سے دوچار ہو چکا ہے، اور اب بھارت دہشت گرد گروہوں کے ذریعے ہائبرڈ جنگ کو فروغ دے رہا ہے، یہ گروہ بھی معرکہ حق میں بھارت کوذلت آمیز شکست جیسا ہی انجام پائیں گے، پاکستان آرمی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے اور بلوچستان کی سماجی و معاشی ترقی کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے جو کہ قومی یکجہتی اور اتحاد کے لیے ناگزیر ہے۔
فیلڈ مارشل نے بھارت کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کی کھلی سرپرستی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت بلوچستان کے عوام کی گہری حب الوطنی کو نشانہ بنانے کی ناکام کوشش کر رہا ہے، انہوں نے واضح کیا کہ بھارت جو معرکۂ حق میں شکست کھا چکا ہے اب اپنی ناپاک سازشوں کو آگے بڑھانے کے لیے پراکسی جنگ تیز کر چکا ہے، جن میں ’فتنہ الخوارج‘ اور ’فتنہ الہندوستان‘ جیسے عناصر بھارت کی ہائبرڈ وار کے مہرے بنے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ تمام پراکسی گروہ بھی ان شاءاللہ اسی انجام اور رسوائی کا شکار ہوں گے جو انہیں معرکۂ حق میں ہوئی، دہشت گرد کسی مذہب، فرقے یا قومیت کو نہیں دیکھتے لہٰذا ان کے خلاف ایک متحد اور قومی ردعمل کی اشد ضرورت ہے، انہوں نے اجتماعی قومی عزم کی اہمیت پر زور دیا تاکہ اس خطرے کا مؤثر طور پر مقابلہ کیا جا سکے۔
انہوں نے بلوچستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے مرکزی کردار پر روشنی ڈالی اور ادارہ جاتی ہم آہنگی اور قومی سطح پر یکجہتی سے چلنے والے ترقیاتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تاکہ بلوچستان کی ترقی کے ذریعے پاکستان کی مجموعی پیشرفت ممکن بنائی جا سکے۔
فیلڈ مارشل نے علاقائی امن سے متعلق پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی بھی اندرونی یا بیرونی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہر لحاظ سے تیار ہے اور قومی وقار کے تحفظ اور عوام کی سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا، پاکستان علاقائی امن کے لیے پرعزم مگر ہر خطرے کا بھرپور جواب دینے کو تیار ہے۔
شکست خوردہ بھارت اب ہائبرڈ جنگ کو فروغ دے رہا ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

ٹیگز:
فیلڈ مارشل عاصم منیر
