لاہور،کوئٹہ:میر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام کے آئینی و انسانی حقوق کے لیے جاری لانگ مارچ کسی صورت رکے گا نہیں، اسلام آباد ضرور پہنچے گا۔ پنجاب کے عوام نے لانگ مارچ کو عزت دی، خدمت کی، لیکن مریم نواز اور ان کے چچا نے کوئی عزت نہیں دی، بلکہ انتظامیہ نے پرامن مارچ کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کر کے اسے تشدد کی طرف دھکیلنے کی مذموم کوشش کی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں جماعت اسلامی کے استقبالیہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم بلوچستان کے عوام کے لیے روزگار، تجارت، تعلیم، امن اور انصاف چاہتے ہیں۔ اسلام آباد جانے کے لیے ہمیں پاسپورٹ اور ویزہ درکار نہیں، ہم اس ملک کے برابر کے شہری ہیں۔مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے مطالبہ کیا کہ بلوچستان کی سرحدیں کھول کر قانونی تجارت کی اجازت دی جائے، 35 لاکھ بے روزگار افراد کو روزگار فراہم کیا جائے، لاپتہ افراد کو بازیاب اور مسخ شدہ لاشیں پھینکنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک، سیندک اور ریکوڈک کے ثمرات اہل بلوچستان کو دیے جائیں، اور صوبے میں فوجی آپریشنز ختم کر کے سیکورٹی کا اختیار لیویز و پولیس کے سپرد کیا جائے۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیر العظیم اور دیگر قائدین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ حکومت کی جانب سے رکاوٹوں کے باوجود لانگ مارچ اپنی منزل اسلام آباد تک ضرور پہنچے گا۔ پنجاب کے عوام بلوچستان کے ساتھ ہیں، اور پرامن جدوجہد کو دبانے کی کوشش دراصل انتہا پسندی کو فروغ دینے کے مترادف ہے۔لانگ مارچ میں شریک ہزاروں افراد کا لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں والہانہ استقبال کیا جا رہا ہے، جبکہ بعض مقامات پر انتظامیہ کی جانب سے رکاوٹیں بدستور موجود ہیں۔ مولانا ہدایت الرحمن بلوچ نے کہا کہ جماعت اسلامی کا یہ کارواں بلوچستان کے نوجوانوں کو منشیات، بے روزگاری، اسلحہ اور دہشتگردی سے نجات دلانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گا۔
لانگ مارچ ہر صورت اسلام آباد پہنچے گا، مولانا ہدایت الرحمن بلوچ کا لاہور میں خطاب

