کوئٹہ:صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے سٹی نالے میں پولیس کی جانب سے منشیات کے عادی افراد کے خلاف بھرپور آپریشن کیا گیا۔ اس کارروائی میں تقریبا 85 منشیات کے عادی افراد کو گرفتار کر کے منشیات بحالی مراکز منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ *200 کے قریب افراد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے آپریشن کے دوران *سٹی نالے میں قائم منشیات کے عادی افراد کے ٹھکانے بھی مسمار کر دیے گئے۔ پولیس حکام کے مطابق، یہ اقدام شہریوں کی شکایات اور منشیات کے بڑھتے ہوئے استعمال کے پیشِ نظر اٹھایا گیا ہے تاکہ شہر کے ماحول کو محفوظ اور صاف بنایا جا سکے۔پولیس کا کہنا ہے کہ سٹی نالے میں عرصہ دراز سے نشے کے عادی افراد نے ڈیرے ڈال رکھے تھے، جہاں منشیات کے استعمال اور فروخت کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ اس صورتِ حال پر قابو پانے کے لیے خصوصی اسکواڈ تشکیل دیا گیا جس نے صبح کے وقت اچانک چھاپہ مار کارروائی کی۔شہریوں نے پولیس کے اس اقدام کو سراہتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ اس قسم کی کارروائیاں تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائیں اور منشیات کے عادی افراد کو مکمل بحالی کے عمل سے گزارا جائے تاکہ وہ معاشرے کے مفید شہری بن سکیں۔پولیس حکام نے مزید کہا ہے کہ آئندہ دنوں میں دیگر حساس علاقوں میں بھی ایسے آپریشنز کیے جائیں گے تاکہ کوئٹہ کو منشیات سے پاک شہر بنایا جا سکے۔
کوئٹہ سٹی نالہ میں پولیس کا آپریشن،85منشیات کے عادی افراد گرفتار

