کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) امیر جماعت اسلامی بلوچستان و رکن صوبائی اسمبلی مولانا ہدایت الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ بلوچستان کے عوام اب مایوسی کی بجائے پرامن، جمہوری اور آئینی مزاحمت کی طرف بڑھیں، خوف کے ماحول کو توڑنے کے لیے عوامی میدان میں نکلنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ 25 جولائی کو اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ اسی جدوجہد کا حصہ ہے۔انہوں نے یہ بات کوئٹہ میں مختلف تقریبات سے خطاب اور وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان، تاجر، علما اور عوام بارڈرز کی بندش، بے روزگاری، بدامنی، بدعنوانی، غربت اور ریاستی مظالم سے تنگ آچکے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ ان مسائل کے حل کے لیے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کیا جائے، تاکہ حکمرانوں کو عوامی مشکلات کا احساس دلایا جا سکے۔مولانا ہدایت الرحمان نے کہا کہ بلوچستان میں ریاستی ادارے اور فورسز عوام کو چیک پوسٹوں اور بارڈرز پر تنگ کر رہی ہیں، خواتین اور بزرگوں کی تذلیل معمول بن چکی ہے، جب کہ بلوچستان کے وسائل کی لوٹ مار عروج پر ہے۔ ساحل، وسائل اور بارڈر کو منافع بخش کاروبار بنا دیا گیا ہے، جس کی آمدنی قومی خزانے میں جانے کے بجائے چند افراد کے ذاتی اکانٹس میں جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کا اسلام آباد لانگ مارچ ظلم کے خلاف جدوجہد کا ایک فیصلہ کن مرحلہ ہوگا۔ تمام زبانوں، علاقوں اور سیاسی جماعتوں کے باکردار نوجوانوں اور کارکنوں کو اس جدوجہد کا حصہ بننا چاہیے تاکہ بلوچستان کے عوام کو ان کا جائز حق مل سکے۔
لانگ مارچ پرامن جمہوری مزاحمت کا دن ہوگا، مولانا ہدایت الرحمان بلوچ

