بولان(ڈیلی گرین گوادر)پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما اور کچھی بولان کے معروف زمیندار میر فرید خان رئیسانی نے واپڈا کی جانب سے سولرائزیشن سے قبل زرعی ٹیوب ویلز کے بجلی کنکشنز منقطع کرنے کو زمینداروں کا معاشی قتل قرار دیتے ہوئے شدید احتجاج کیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر یہ ناروا سلسلہ فوری بند نہ ہوا تو زمیندار سندھ بلوچستان این 65 بولان قومی شاہراہ پر سخت احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔کچھی پریس کلب کے سینئر صحافی رئیس فرحان جمالی سے گفتگو کرتے ہوئے میر فرید خان رئیسانی نے کہا کہ واپڈا نے زمینداروں سے سولرائزیشن کے سلسلے میں جو معاہدہ کیا ہے، اس پر مکمل عملدرآمد سے قبل بجلی کی فراہمی منقطع کرنا کسی صورت جائز نہیں۔ نہ ہی اب تک زمینداروں کو سولرائزیشن کی مد میں کوئی رقم فراہم کی گئی ہے، اس کے باوجود بجلی کنکشنز منقطع کرکے زمینداروں کو سخت نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیوب ویلز کی بجلی بند ہونے سے زمینداروں کی کھڑی فصلیں تباہ ہو رہی ہیں اور لاکھوں روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ اعلانیہ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے بھی زمینداروں کا نظام زندگی مفلوج کر دیا ہے۔میر فرید خان رئیسانی نے خبردار کیا کہ اگر واپڈا نے اپنے ناروا اقدامات کا سلسلہ بند نہ کیا تو نہ صرف شدید عوامی ردعمل ہوگا بلکہ زمیندار واپڈا کے خلاف ہر سطح پر آواز بلند کریں گے اور احتجاج کا دائرہ کار بڑھا کر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔
کچھی کے زمینداروں کا معاشی قتل برداشت نہیں کریں گے، میر فرید خان رئیسانی

ٹیگز:
میر فرید خان
