کوئٹہ(یو این اے )فیڈریشن آف آل پاکستان یونیورسٹیز اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن :فپواسا:بلوچستان چیپٹر اور اکیڈمک اسٹاف ایسوسی ایشن جامعہ بلوچستان کی جانب سے 16 جون کو فپواسا سنٹرل کی کال پر جامعہ بلوچستان سمیت صوبے کی دیگر جامعات میں یوم سیاہ منایا گیا۔ اساتذہ اور سٹاف نے احتجاجا سیاہ پٹیاں باندھ کر تدریسی و دفتری امور انجام دیے۔یوم سیاہ کے موقع پر پروفیسر ڈاکٹر کلیم اللہ بڑیچ، فرید خان اچکزئی، پروفیسر رحمت اللہ اچکزئی، پروفیسر مسعود مندوخیل اور ارباب رضا کاسی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت نے ایک بار پھر ملک بھر کی جامعات اور ہائر ایجوکیشن کمیشن :ایچ ای سی: کے لیے محض 65 ارب روپے مختص کیے ہیں، جو 2018 سے بدستور برقرار ہے، حالانکہ قومی بجٹ اس دوران 5000 ارب روپے سے بڑھ کر 18000 ارب روپے تک جا پہنچا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ جامعات کے لیے وفاقی بجٹ میں 200 ارب روپے اور صوبائی بجٹ میں کم از کم 15 ارب روپے مختص کیے جائیں۔ علاوہ ازیں، 25 فیصد ٹیکس ریبیٹ کی بحالی کا نوٹیفکیشن فوری طور پر جاری کیا جائے اور یونیورسٹیوں کے منظور شدہ الانسز کی منسوخی سے متعلق غیر قانونی نوٹیفکیشن واپس لیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ بلوچستان گرینڈ الائنس کی کال پر 17 جون کو بلوچستان اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا، جس میں جامعہ بلوچستان، بیوٹمز اور وومن یونیورسٹی کے اساتذہ و عملہ صبح 11:30 بجے یونیورسٹی لا کالج کوئٹہ میں جمع ہو کر جلوس کی شکل میں صوبائی اسمبلی جائیں گے۔ اس کے علاوہ 19 جون کو قومی اسمبلی کے سامنے بھی بھرپور مظاہرہ کیا جائے گا۔رہنماں نے اساتذہ و عملے سے اپیل کی کہ وہ اپنے حقوق کے لیے اس احتجاج میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں۔
کل بلوچستان اسمبلی کے سامنے بھرپور احتجاج کیا جائے گا،فپواساو اکیڈمک سٹاف

