کوہلو (ڈیلی گرین گوادر) ضلع کوہلو میں پولیس کے ناروا رویے اور مبینہ کرپشن کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس محکمے میں 9 لاکھ روپے سے زائد کی رقم خوردبرد کی گئی ہے جبکہ افسران کے باہمی اختلافات کی وجہ سے غریب شہریوں کو ذلیل و خوار کیا جا رہا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوہلو کے علاقے ہوسڑی سے تعلق رکھنے والے ایک شہری، جو مریض کو لے کر آیا تھا، کی موٹر سائیکل پولیس نے تحویل میں لے کر اس پر 550 روپے کا کیس لگا دیا۔ جب اس حوالے سے صحافی نے ایس ایچ او مجید سے مقف لینے کی کوشش کی تو انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ایچ او کی سفارش پر موٹر سائیکل چھوڑنے سے انکار کرتے ہوئے بدنیتی کی بنیاد پر 550 کا کیس بنایا گیا۔شہریوں نے شکایت کی کہ پولیس آئے روز غریب شہریوں کی موٹر سائیکلیں اٹھا کر چالان کرتی ہے، اور یہ رقم قومی خزانے میں جمع کرانے کے بجائے افسران خود رکھ لیتے ہیں۔ پیسے نہ دینے پر شہریوں کے خلاف بے بنیاد مقدمات بنا دیے جاتے ہیں۔دوسری جانب شہریوں نے الزام لگایا کہ بااثر افراد سرِعام غیر قانونی گاڑیوں، منشیات اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں لیکن پولیس ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کرتی۔ عوامی حلقوں نے آئی جی پولیس، ڈی آئی جی سبی رینج، ایس پی کوہلو اور ایف سی کمانڈنٹ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فوری طور پر پولیس کے ناروا سلوک اور کرپشن کا نوٹس لے کر ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کریں۔
کوہلو میں پولیس کے ناروا رویے اور مبینہ کرپشن کا انکشاف

