کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالاکی قیادت میں پارٹی وفد نے پریس کلب کوئٹہ کے باہر پاکستان یونین آف جرنلسٹ اور بلوچستان یونین آف جرنلسٹ (PFUJ / BUJ) کے زیر اہتمام احتجاجی کیمپ میں شرکت کی۔ وفد میں پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری حفیظ ترین، ضلع کوئٹہ کے اطلاعات سیکرٹری فیصل کاکڑ، ضلع معاون سیکرٹری شکیل افغان، ضلع کمیٹی کے اراکین حاجی ننگ آکا، عظیم دوتانی، ضلع پشین کے معاون سیکرٹری موسیٰ خان ترین، تحصیل سٹی کے سینئر معاون سیکرٹری شکور افغان، تحصیل نانا صاحب کے صدر ولی وطنپال، متین خان اور پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کو زونل صدر مزمل شاہ وطنیارشامل تھے۔ اس موقع پر مرکزی ڈپٹی چیئرمین عبدالرؤف لالا نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی صحافیوں کے تمام برحق مطالبات کی مکمل حمایت کرتی ہے اور انہیں یہ یقین دلاتی ہے کہ پارٹی ان کے ساتھ آئینی سیاسی جمہوری احتجاج میں شانہ بشانہ کھڑی رہیگی۔
انہوں نے کہا کہ آج معاشرے کے اُس طبقے کے ساتھ احتجاج میں ہم شریک ہیں جو کسی بھی معاشرے کی آنکھ، دل کی دھڑکن اور معاشرے میں شعور پھیلانے، حق وصداقت کی آواز بلند کرنے والے ہماراصحافی طبقہ ہے، جو پرنٹ والیکٹرانک میڈیا،سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہی دینے کے لیے شب وروز محنت کرتے ہیں آج وہ احتجاج پر مجبور ہیں اور انہوں نے اپنے اس چارٹر آف ڈیمانڈ میں جتنے بھی مطالبات رکھے ہیں پشتونخواملی عوامی پارٹی چونکہ اُس پارٹی کے بانی کے سیاست کا تسلسل ہے جوکہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے اس صوبے میں صحافت کی بنیاد رکھی، یہاں استقلال اخبار کے ایڈیٹر کی حیثیت سے، یہاں ڈکلیئریشن حاصل کرنے، پرنٹنگ پریس قیام کرنے میں بڑی جدوجہد کی اور وہ کامیاب رہے۔ صحافیوں تمام برحق مطالبات ہیں اس میں کوئی ایسا مطالبہ نہیں جسے حکومت من وعن تسلیم نہ کرے اور ان کے جائز مطالبات کے نتیجے میں انہیں روزگار مہیا نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ میں اس حکومت کو سول مارشلا کہتا کہوں، جب سے یہ ملک بنا ہے فارم 47، فارم48زیر زمین مختلف شکلوں سے اُبھر کر سامنے آتے تھے لیکن آج اللہ تعالیٰ کی یہ مہربانی ہے کہ اس ملک کا مرد وزن، بچہ، بوڑھا اس بات سے واقف ہے کہ حکومت چلانے والے وہ کونسی قوتیں ہیں جو اس ملک کا نظام چلارہے ہیں اور اس نظام کے ذریعے انہوں نے یہ ذیادتی کی ہے کہ اس ملک کے عوام کے خون پسینے کی جو کمائی ہے اسے چھیننے کے لیے شب وروز لگے ہوئے ہیں۔ یہاں جب پیکا ایکٹ نافذ کیا گیا وہ صحافت پر وہ حملہ تھا جس کے ذریعے یہاں پر صحافی حضرات کو ملک بھر میں مختلف ناموں پر تقسیم کیا گیا اُن کے ٹاؤٹ بھی بیٹھے ہوئے تھے جنہیں مختلف لالچ دیکر ساتھ ملایا گیا اور پھر قوموں کو زیر کرنے کے لیے یہاں مائنز ومنرل کا ایکٹ لاگو کرکے زبردستی لوگوں سے منظور کرایا گیا۔آج اس ملک کے تمام عوام ان حالات کے نتیجے میں شب وروز محنت کرنے کے باوجود دو وقت کی روٹی کے لیے ترس رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں نے سینٹ میں بھی یہ بات رکھی تھی کہ ایک کلرک، ایک صحافی یا جو مزدور کار بندہ ہے اُن کی صرف اتنا بجٹ یا تنخوا رکھیں کہ وہ یہاں دو وقت کی کھانے کے لیے کسی کا محتاج نہ رہے۔ یہاں ٹیکسز کی بات کی جاتی ہے ٹیکس تو صرف عوام دیتے ہیں،ماچس کے ڈبے سے لیکر ہر اشیاء ضرورت کا ٹیکس دیتے ہیں، یہاں گیس، بجلی، پینے کے صاف پانی کے صرف بلز بھیجے جاتے ہیں لیکن گیس، بجلی، پینے کا صاف پانی، تعلیم،صحت، روزگار سے عوام محروم ہیں۔ گیس کے لیے ایل پی جی، بجلی کے لیے سولر سسٹم، حفاظت کے لیے پرائیویٹ سیکورٹی گارڈ رکھنے کی ترغیب دی جاتی ہے تو پھر یہ کونسی فلاحی ریاست ہوئی اس کا وجود کیسا رہا؟۔ یہ سچ بولنے پر قدغنیں لگادی گئی ہے، صحافیوں کے مشکلات سے ہم آگا ہ ہیں، پارٹی کے محبوب چیئرمین محمود خان اچکزئی کی تقریر کو قومی اسمبلی میں سنسر کردیا جاتا ہے، پارٹی بیانات کو اخبارات میں شائع نہیں کیا جاتا۔ یہاں صحافت، سیاست، طلباء تنظیموں پر قدغنیں ہیں۔ یونیورسٹی کا ماحول کھلی فضاء کی طرح ہوتا ہے جہاں اوپن ڈی بیٹ کے ذریعے طلباء کی حوصلہ افزائی،صلاحتیوں میں اضافہ کیا جاتا ہے لیکن آج یونیورسٹیوں طلباء تنظیموں کو نہیں چھوڑا جاتا۔ ٹریڈ یونینز پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔صرف عوام سانس لے رہے ہیں اگر ان کی بساط میں ہو تو وہ سانس لینے پر بھی پابندی لگادیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں پشتونخوامیپ کے چیئرمین، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ،قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف جناب محمود خا ن اچکزئی کی آئینی،قومی، سیاسی، جمہوری جدوجہد اُٹھا کر دیکھ لیں انہوں نے ہر مسئلے کو قومی اسمبلی سمیت ہر فورم پر اٹھایا ہے لیکن ان کی تقاریر کو نشر نہیں کیا جاتا، سنسر کردیا جاتا ہے، سردار اختر جان مینگل جیسے اکابرین کو بولنے نہیں دیا جاتا۔ اٹھارویں ترمیم کو ختم کرنے کی سازشیں کی جارہی ہے کہ کیونکہ اگر صوبوں کو تھوڑی بہت حقوق حاصل ہوئی ہیں وہ بھی ختم ہوسکیں۔ پارلیمنٹ میں قومی تحریکوں کے حوالے سے جدوجہد کے بدولت قوموں کے تھوڑے بہت حقوق حاصل کیے گئے اب اس پر قدغن لگائی جارہی ہے۔ صوبے کی تاریخ جب لکھی جائے گی کریکلم کی بات جب آئیگی تو اس میں لکھا جائے گاکہ اس خطے سے انگریزوں کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی، غوث بخش بزنجو، نیشنل عوامی پارٹی چاہے وہ قلات کی تھی یا یہاں ورور پشتون،انجمن وطن ان کی جدوجہد کے نتیجے میں انگریز یہاں سے نکلیں ہیں تب جاکر یہ ملک بنا ہے اب جب یہ حقیقت آپ لکھیں گے تو لوگ کہتے ہیں یہ یہ غدار ہیں۔ یہ فلانی کی زبان بول رہے ہیں۔ تو کیا آپ اس ملک کے بڑے حمایتی ہے،آپ نے مائنز اینڈ منرل کے نام پر پشتون بلوچ وطن میں جو قتل وغارت گیری شروع کی ہے کوئی ایسا دن نہیں کہ یہاں قتل عام نہیں ہورہا۔ پنجگور سے لیکر وزیرستان تک پشتون بلوچ سینکڑوں کی تعداد میں عوام کا قتل عام ہورہا ہے۔ اگر کسی کا کوئی جرم ہے تو اسے آپ یہاں جو مانی جانیوالی عدلیہ ہے وہاں پیش کرلیں اگر نہیں تو انہیں کس پاداش میں سزائیں دی جاری ہے۔ علی وزیر جیسے رہنماء کو کبھی کس جرم میں تو کبھی جرم میں سزا دی جاتی ہے اور آج بھی قید میں رکھا گیا ہے۔ ماہ رنگ بلوچ بلوچ پیاروں کی جو لاپتہ ہیں کی بات کرتی ہے آپ انہیں دھمکیاں دیتے ہیں، انہیں غدار اور قید بامشقت کی سزائیں دیتے ہیں۔ گلوبل سطح پر یہ پالیساں درست نہیں۔ کل تک نیتھن یاھو جو سمجھ رہا تھا کہ امریکہ میرے ساتھ ہے اور لفظ فلسطین کا نام تک مٹ جائیگا، ظلم وجبر،استداد کے ذریعے اقوام، زمانے، کلچر ختم ہوتی تو آج چنگیز، ہٹلر کا نام زندہ ہوتا۔ لیکن آج وہی فلسطین زندہ ہے اور دنیا کی تمام مہذب اقوام وعوام، ممالک ان کا ساتھ دے رہے ہیں اور جو ظالم جابر قوتیں ہیں ان کی سیاست دنیا سے ختم ہوتی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے اکابرین، ملک کے سٹیک ہولڈرز، پشتون، بلوچ، سندھی، سرائیکی، پنجابیوں کے حقیقی پارٹیوں، نمائندگان کو یکجا ہونا گا، تمام سٹیک ہولڈرصحافی، جج، وکلاء، جرنیل، ماہر اقتصادیات تمام لوگوں کو بیٹھ کر ملک کو بحرانوں سے نجات دلانا ہوگا اور یہی ہمارے پارٹی چیئرمین محمود خان اچکزئی کہتے رہے ہیں۔ صحافیوں کی زبان پر جب قدغن لگے گی پھر تو کچھ نہیں بچے گا، مظلوم کی آواز صحافی اٹھاتے ہیں اور صحافت پر قدغنیں قبول نہیں۔ ایسا نہیں ہوسکتا کہ اس معاشرے میں کھیل، اقتصادیات، تعلیم، صحت، سیاست سب کے ماہر ہو۔ یہی وجہ ہے کہ ملک کے قیام کے بعد سے لیکر آج تک نہ ہی معیشت اور نہ ہی خارجہ پالیسی سنبھل سکی ہے۔ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر آرہا تھا کہ افغانستان جیسا ملک تمام ممالک تک رسائی حاصل کرلی ہے۔ لیکن یہا ں ایٹمی ملک ہونے کے باوجود کوئی بھی تاجر نہ کوئٹہ سے کراچی تک یا کراچی سے پنجگور تک،نہ چمن تک پہنچا سکتا ہے نہ لیجا سکتا ہے۔ چمن تجارت پر پابندی لگادی گئی جہاں نوجوان محنت مزدوری کرکے اپنے گھر والوں کی کفالت کررہے تھے آپ نے ان سب کو فاقوں پر مجبور کردیا ہے۔ اربوں روپے کی تجارت افغانستان اور ایران کے ساتھ جاری تھی لیکن آج سب کچھ ختم ہوکر رہ گیا ہے۔ ہمیں اس ملک کو مملکت خدائیداد پاکستان بنانا ہوگا،عوام کی سننی ہوگی، قوموں کو خودمختار بنانا ہوگا ان کے وسائل پر ان کے واک واختیار کو تسلیم کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ یہ کیسے ممکن ہے کہ ایک صحافی حق کی آواز بلند کرتا ہے اور جس ادارے میں وہ کام کرتا ہے وہاں کے مالکان کو دھمکیاں دی جاتی ہے کہ اس صحافی، ورکر کو ادارے سے نکال دیا جائے۔ یہ جبری برطرفیاں کب تک چلتی رہیگی۔ خان شہید کہتے تھے کہ عوام کی طاقت اللہ تعالیٰ کی طاقت ہے۔ جب عوام اُٹھیں گے تو پھر آپ کے ساتھ کچھ نہیں رہے گا۔ جس خمینی کو کہا جاتا تھا کہ مذہب کے نام پر اس کی سیاست ہوتی ہے آج آپ دیکھ لیں امریکہ نے بدترین شکست اسی خمینی اور ایران کے ہاتھوں کھائی ہے۔ عوام کو اس نہج تک نہ لیجایا جائے کہ وہاں واپسی کا راستہ نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ صف بندی دو جماعتوں کے مابین ہیں ایک وہ جماعتیں جو ملک میں آئین کی بحالی، بادلاستی، جمہور کی حکمرانی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، عدلیہ،میڈیا کی آزادی، قوموں کے وسائل پر ان کے واک واختیار چاہتے ہیں اور ایک وہ تاؤٹ جماعتیں ہیں جو حکمرانوں کے ساتھ ملکر غیر آئینی،غیر جمہوری ترامیم، قوانین لاتے ہیں اور صدارتی آرڈیننس کے ذریعے یہاں قانون لاگو کرتے ہیں۔ سیاسی پارٹیوں کو بھی اپنا جائزہ لینا چاہیے اور ایسے متحدہ پلیٹ فارم کا چناؤ کریں جس کا ایجنڈا معلوم ہے اور اس وقت تحریک تحفظ آئین پاکستان کا پلیٹ فارم موجود ہے۔ محمود خان اچکزئی بارہا کہتے رہے ہیں کہ آئیں مل بیٹھ کر اجتماعی دانش کے ذریعے ملک کو موجود ہ بحرانوں سے نجات دلائیں اور ملک میں آئین کی بحالی وبالادستی، پارلیمنٹ کو طاقت کا سرچشمہ، جمہور کی حکمرانی، قوموں کی برابری پر مبنی حقیقی جمہوری فیڈریشن کا قیام اور ملک کے تمام اداروں کو آئینی حدود کا پابند بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ عوام کو حقوق دینے ہوں گے آج بھی یہاں عوام گیس سے محروم ہیں،کوئٹہ، سوئی صوبے مختلف اضلاع وعلاقے سوئی سدرن گیس کمپنی کی عوام دشمنی کے باعث گیس سے محروم ہیں لیکن پنجاب تک یہ گیس پہنچ چکی ہے۔ اسی طرح بجلی جو ہماری ہے لیکن ہمارے عوام بجلی سے محروم ہیں، گیس،بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کنٹرول لاہور سے کیا جارہا ہے ایسی ناانصافیاں صرف بربادی لائیگی۔ آج لوگوں کو گیس، بجلی نہیں مل رہی۔ آٹا کا بحران اس حد تک پہنچ چکا ہے 50کلو کی بوری 18ہزار سے اوپر ہوچکی ہے۔ لوگ خودکشیوں پر مجبور ہوچکے ہیں اور حکمرانوں کا یہ طرز عمل ماسوائے بربادی، تباہی کے کچھ نہیں نکلے گا اب بھی وقت ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ملک میں آئین، پارلیمنٹ، قانون اور ایسا الیکشن کمیشن جو مکمل طور پر غیر جانبدار ہو کسی کی ہدایات پر نہ چلیں اورفیصلے فون پر نہ ہوا کریں اور پھر اس نظام کو چلنے دیں پھر دیکھیں کہ یہ ملک کیسے چلتا ہے۔ آج اس ملک میں بہترین چار موسم ہیں، زرخیر زمین، معدنی دولت، جنگلات سب کچھ ہیں یہ مخصوص طبقے کے لیے نہیں ہونی چاہیے تمام اقوام وعوام کے لیے ہونی چاہیے۔ صحافی برادری کو یہ یقین دلانا چاہوں گا کہ وہ کسی بھی جدوجہد، بنیادی انسانی حقوق، ورکرز کی بحالی کے حوالے پشتونخواملی عوامی پارٹی سے جو مدد مانگے گے پارٹی خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے اُس افکار کے نتیجے میں جس نے اس صوبے میں صحافت کی بنیاد رکھی ہم ان کے ساتھ آخری سانس تک ہوں گے۔

