کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں محرم الحرام کے موقع پر سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دینا شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس نے جلوس کے مقررہ راستوں پر واقع دکانوں اور گھروں سے ڈیٹاکولیشن کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹا جا سکے۔ذرائع کے مطابق محرم الحرام کے دوران یکم تا 10 محرم تمام مکاتب فکر کے پروگراموں کے لیے علیحدہ علیحدہ سکیورٹی پلانز ترتیب دینے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ محکمہ داخلہ بلوچستان کے مطابق تمام جلوسوں کے روٹس پر لٹکتی ہوئی بجلی کی تاروں کو فوری طور پر ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔حکام کا کہنا ہے کہ طے شدہ جلوسوں اور مجالس کے روٹس و مقامات کے علاوہ کسی نئے مقام پر پروگرام کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ سکیورٹی کو مزید بہتر بنانے کے لیے صوبے بھر میں حساس مقامات کی نشاندہی کر لی گئی ہے اور ان مقامات پر غیر معمولی سکیورٹی انتظامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔اسی سلسلے میں ان حساس علاقوں میں موبائل سگنلز کی بندش سے متعلق بھی تجاویز طلب کر لی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں لاوڈ اسپیکر کے غیرقانونی استعمال کو روکنے کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے جو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لائیں گی۔حکام کے مطابق تمام ادارے باہمی رابطے اور تعاون کے ذریعے سکیورٹی انتظامات کو یقینی بنائیں گے تاکہ محرم الحرام پر امن و امان کی فضا برقرار رکھی جا سکے۔
کوئٹہ، محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کا آغاز ،سگنلز کی بندش سے متعلق بھی تجاویز طلب

