کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)قائمقام گورنر بلوچستان کیپٹن ر عبدالخالق اچکزئی نے کہا کہ ہر قسم کی معاشی و معاشرتی ترقی و خوشحالی کیلئے پائیدار امن اولین شرط ہے۔ حالیہ حکومتی اقدامات سے بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے۔ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں نے ملک اور صوبے میں دیرپا امن کے قیام میں گرانقدر خدمات اور قربانیاں دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی اور تخریب کاری کے خاتمے کیلئے پرعزم ہیں، اس سلسلے میں عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ بلوچستان کے قائمقام گورنر نے کہا کہ پاکستان کے اپنے برادر ہمسایہ ملک ایران کے ساتھ خوشگوار تعلقات ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف کے حالیہ دورہ ایران کے بہت جلد مثبت نتائج برآمد ہوں گے۔ پاکستان کے وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان پرامن اور شہری مقاصد کیلئے استعمال ہونے والے ایٹمی پروگرام کے ایران کے حق کی حمایت کرتا ہے۔ اب وقت آپہنچا ہے کہ مسلم ممالک اپنے ملک اور عوام کی حقیقی ترقی اور خوشحالی کیلئے جرات مندانہ فیصلے کریں۔
بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے، عبدالخالق اچکزئی

ٹیگز:
عبدالخالق
