اسلام آباد (ڈیلی گرین گوادر)وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے شہدا کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہدا نے پاکستان کی خود مختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی، شہدائے وطن کو بھولے ہیں نہ بھولیں گے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ افواج پاکستان نے وطن کی حفاظت کا وعدہ پورا کیا، پوری قوم کو اپنے شہدا اور ان کے اہل خانہ پر فخر ہے، بہادرسپوتوں کی قربانیوں کو قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔وزیراعظم نے کہا کہ شہدا کے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، شہدا کے اہل خانہ کی کفالت ریاست کرے گی، ہم پر امن قوم ہیں، اور کسی بھی جارحیت کا جواب دینا جانتے ہیں۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم شہباز شریف نے معرکہ حق کے دوران شہید ہونے والوں کے لیے شہدا پیکیج کا اعلان کیا تھا۔
بیان میں کہا گیا تھا کہ پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو رینک کے حساب ایک کروڑ روپے سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے رقم دی جائے گی، اسی طرح پاک افواج کے شہدا کے ورثا کو گھر کی سہولت کے لیے رینک کے حساب سے ایک کروڑ 90 لاکھ روپے سے 4 کروڑ 20 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔پاک افواج کے شہدا کی ریٹائرمنٹ کی تاریخ تک ان کی مکمل تنخواہ بمعہ الاونسز جاری رہیں گی، پاک افواج کے شہدا کے بچوں کو گریجویشن تک مفت تعلیم دی جائے گی۔پیکیج کے مطابق پاک افواج کے ہر شہید کی ایک بیٹی کی شادی کے لیے 10 لاکھ روپے کی میرج گرانٹ دی جائے گی۔

