اوتھل (ڈیلی گرین گوادر)مکران کوسٹل ہائی وے پر کنڈ ملیر کے قریب دو مسافر کوچز کے درمیان پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں کم از کم 20 افراد زخمی ہو گئے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثہ جمعرات کے روز اس وقت پیش آیا جب کراچی سے تربت جانے والی جاوید کوچ اور الشعیب کوچ آپس میں ٹکرا گئیں، جس کے نتیجے میں جاوید کوچ الٹ گئی, ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو 1122 کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں، بشمول ڈی ایچ کیو ہسپتال اوتھل، ریسکیو سینٹر رسملان، اور درمانجاہ ہسپتال اورماڑہ منتقل کیا گیا۔ شدید زخمیوں کو مزید علاج کے لیے کراچی کے بڑے طبی مراکز میں منتقل کر دیا گیا زخمیوں کی شناخت درج ذیل افراد کے طور پر ہوئی ہے: عبید ولد رحیم بخش، ڈرائیور الجاوید سلمان ولد بشیر، راج گل ولد سلمان، حمزہ ولد سلمان، سرور ولد بیگل، نور ملک ولد سرور، زکریا، رضوان، عظمیٰ بنت رضوان، نور حسین ولد حاجی امتیاز، امتیاز ولد سعید، سعید ولد میواش، نمل بنت سعید، امداد ولد سعید، شاہ حسین ولد حسین، سراج ولد رستم، اور عبدالغنی ولد خان شمال ہیں ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثے کی وجہ تیز رفتاری اور ڈرائیورز کی غفلت بتائی جا رہی ہے۔ مقامی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد جمع کیے اور حادثے کی مکمل تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔یہ حادثہ مکران کوسٹل ہائی وے پر پیش آنے والے متعدد حادثات کی کڑی ہے، جہاں تیز رفتاری، ڈرائیورز کی غفلت، اور حفاظتی اقدامات کی کمی کی وجہ سے ایسے واقعات معمول بن چکے ہیں۔ عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس شاہراہ پر حفاظتی اقدامات کو مؤثر بنائے اور ڈرائیورز کی تربیت کے لیے مناسب اقدامات کرے تاکہ مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔متاثرہ خاندانوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائے۔
مکران کوسٹل ہائی وے پر دو مسافر کوچز میں تصادم،20 افرادزخمی

ٹیگز:
مکران کوسٹل ہائی وے
