اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ پریس کلب کا خصوصی دورہ کیا۔ اس موقع پر پریس کلب کے صدر عرفان سعید، ممبران پریس کلب اور سینیئر صحافیوں نے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کا پرتپاک استقبال کیا اور ان کی آمد کو صوبہ بلوچستان کے صحافتی حلقے کے لیے ایک خوش آئند قدم قرار دیا۔اپنے خطاب میں قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے صحافی برادری کے کردار کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے استحکام اور عوامی مسائل کے اجاگر کرنے میں صحافیوں کا کردار انتہائی قابلِ قدر اور ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافی عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں اور حکومت کی رہنمائی میں ہمیشہ اپنا مثبت اور تعمیری کردار نبھاتے آئے ہیں۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ موجودہ حکومت اتحادی جماعتوں کے تعاون سے صحافیوں کے حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے جامع حکمت عملی مرتب کر رہی ہے، جس کے تحت موثر قانون سازی اور فلاحی پروگرامز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صحافیوں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات اٹھا رہی ہے اور کوئٹہ پریس کلب سمیت ملک بھر کے صحافتی اداروں کے بنیادی مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔علاقائی اور قومی سلامتی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سیدال خان نے بھارت کے جھوٹے پروپیگنڈے اور منفی ہتھکنڈوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک خود مختار اور خوددار ملک ہے اور بھارت کے کسی بھی غیر ذمہ دارانہ اور غیر مہذب اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت کے ملوث ہونے کے شواہد کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا اور ریاست پاکستان اپنی سرزمین پر امن و امان کے قیام کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اور قومی ادارے بھارتی جھوٹے پراپیگنڈے کے خلاف متحد ہیں اور ملکی سالمیت و خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات بھی نہیں کر سکتا۔قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے مختلف ممالک اور خاص طور پر چین اور سعودی عرب کی جانب سے پاکستان اور انڈیا کے مابین جاری کشیدگی کو کم کرانے کے لیے حوالے سے کردار کو بھی سراہا۔اس موقع پر قائم مقام چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کوئٹہ پریس کلب کے نو منتخب عہدیداران کو گلدستہ اور مٹھائی پیش کی اور انہیں مبارک باد دی۔ مزید برآں، انہوں نے کوئٹہ پریس کلب کی تزئین و آرائش اور صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے ڈونیشن بھی دی، جسے صحافتی برادری نے بے حد سراہا۔دورے کے اختتام پر صحافیوں اور پریس کلب انتظامیہ کی جانب سے قائم مقام چیئرمین سینیٹ کا شکریہ ادا کیا گیا اور امید ظاہر کی گئی کہ حکومت آئندہ بھی صحافی برادری کے مسائل کے حل کے لیے ایسے مثبت اور تعمیری اقدامات جاری رکھے گی۔
صحافی عوام اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کرتے ہیں،سیدال خان

ٹیگز:
سیدال خان
