مستونگ:مستونگ لکپاس کے علاقے میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام دھرنا منگل کو 12ویں روز بھی جاری رہا۔ یہ دھرنا بلوچ یکجہتی کمیٹی کی گرفتار خواتین کی رہائی کے لیے دیا جا رہا ہے جس کی حمایت اکثر سیاسی جماعتوں کے علاوہ قبائلی عماٰدین نے کی ہے۔دھرنے کے شرکا کو کوئٹہ آنے سے روکنے کے لیے مستونگ اور کوئٹہ کے اضلاع کی انتظامیہ کی جانب سے جو رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں ان کے باعث گاڑیوں کی آمدو رفت معطل ہے۔
شاہراہ کی بندش سے نہ صرف لوگوں کو سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے بلکہ مختلف مقامات پر مال بردار گاڑیوں کے پھنسنے کی وجہ سے تاجروں اور ٹرانسپورٹوں کو نقصان ہو رہا ہے۔کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں گزشتہ کئی روز سے موبائل فون پر انٹرنیٹ سروس بھی بند تھی لیکن گزشتہ شب انٹرنیٹ سروس بحال کر دی گئی۔

