کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان ہائی کورٹ نے بلوچ یکجہتی کمیٹی کی سربراہ ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے ڈاکٹر ماہرنگ بلوچ کے وکلاء اور رشتے داروں کو ڈسٹرکٹ جیل کوئٹہ میں ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔ منگل کو بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس شوکت علی رخشانی پر مشمل بلوچستان ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے یہ حکم ماہ رنگ بلوچ کی بہن نادیہ بلوچ کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرتے ہوئے دیا۔حبیب طاہر، عمران بلوچ، خالد کبدانی اور مزدفلہ اچکزئی کے توسط سے دائر درخواست میں نادیہ بلوچ نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ ماہ رنگ بلوچ کو بغیر کسی وجہ کے تھری ایم پی او کے تحت گرفتار کیاگیا ہے جو آئین کے آرٹیکل 15، 16 اور 19 کی خلاف ورزی ہے۔سماعت کے دوران عدالت نے ماہ رنگ بلوچ کی گرفتاری کے خلاف دائر درخواست سماعت کے لیے قبول کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی محکمہ داخلہ، آئی جی پولیس سمیت دیگر کو نوٹسز جاری کردیے جبکہ عدالت نے حکم نامے میں کہا ہے کہ کسی بھی قیدی کا حق ہے کہ وہ وکلاء اور رشتے داروں سے ملاقات کر سکے لہذا ڈسٹرکٹ جیل ہدہ کوئٹہ میں ڈاکٹر ماہرنگ کی ان کے وکلاء اور رشتے داروں سے ملاقات کروائی جائے۔
بلوچستان ہائیکورٹ نے ڈاکٹر ماہ رنگ بلوچ سے رشتہ داروں اور وکلا کو ملنے کی اجازت دے دی

ٹیگز:
بلوچستان ہائیکورٹ
