کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک بار پھر سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر موبائل ڈیٹا انٹرنیٹ سروس معطل کردی گئی۔ شہریوں کو انٹرنیٹ سروس کی بندش کے باعث شدید مشکلات کا سامنا ہے۔تفصیلات کے مطابق کوئٹہ میں سیکیورٹی اقدامات کے تحت موبائل انٹرنیٹ سروس کو غیر معینہ مدت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق یہ اقدام امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ تاہم، انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے متعلق کوئی حتمی وقت نہیں دیا گیا۔شہریوں کا کہنا ہے کہ انٹرنیٹ کی بندش سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہو رہی ہیں بلکہ طلبہ اور دیگر شعبوں سے وابستہ افراد کو بھی شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ مختلف کاروباری ادارے، فری لانسرز اور طلبہ آن لائن کام اور تعلیمی سرگرمیوں میں مشکلات محسوس کر رہے ہیں، جبکہ بینکنگ اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات بھی متاثر ہوئی ہیں۔یہ پہلی بار نہیں کہ کوئٹہ میں انٹرنیٹ سروس سیکیورٹی خدشات کے نام پر بند کی گئی ہو، ماضی میں بھی مختلف مواقع پر ایسی پابندیاں عائد کی جا چکی ہیں، جس پر عوام کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آتا رہا ہے۔عوامی حلقوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ انٹرنیٹ سروس کی معطلی کا متبادل حل نکالا جائے تاکہ شہریوں کو روزمرہ امور میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
کوئٹہ میں موبائل فون ڈیٹا انٹرنیٹ سروس بدستور معطل

ٹیگز:
کوئٹہ
