پنجگور (ڈیلی گرین گوادر) پنجگور کی تحصیل گوارگو کے علاقے مژدالو سے گزشتہ شب اغوا ہونے والے عبدالحمید کی گولیوں سے چھلنی تشدد زدہ لاش تسپ پولیس تھانے کی حدود سے برآمد کر لی گئی۔لیویز ذرائع کے مطابق نامعلوم مسلح افراد نے مقتول عبدالحمید کو اغوا کیا تھا، جبکہ اس دوران ان کی اہلیہ کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا۔ واقعے میں مقتول کا ایک ماہ کا شیرخوار بچہ معجزانہ طور پر محفوظ رہا۔ آج صبح مقتول کی اہلیہ کی تدفین کر دی گئی جبکہ عبدالحمید کی لاش ملنے کے بعد ورثا نے ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے دھرنا دے کر احتجاج کیا۔اسسٹنٹ کمشنر گوارگو آغا ظفر حسین، ڈی ایس پی امیر جان، ایس ایچ او سٹی توفیق اور ایس ایچ او تسپ مجاہد بلوچ کی یقین دہانی پر ورثا نے احتجاج موخر کر دیا اور لاش کو تدفین کے لیے لے گئے۔ پولیس اور لیویز فورس نے ملزمان کی تلاش کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
پنجگور،اغوا شدہ عبدالحمید کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمد، ورثا کا احتجاج

ٹیگز:
پنجگور
