کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان نیشنل پارٹی)عوامی(کے مرکزی صدر اور سابق وفاقی وزیر میر اسرار اللہ خان زہری نے بلوچستان میں امن و امان کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔انہوں نے جھالاوان میں قبائلی و سیاسی رہنماں کے خلاف بڑھتے ہوئے پرتشدد واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خطہ سیاسی و سماجی قیادت کے لیے غیر محفوظ ہو چکا ہے۔ جے یو آئی کے رہنما وڈیرہ غلام سرور موسیانی زہری کی شہادت پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان کا قتل ناقابل تلافی نقصان ہے، وہ ایک نڈر اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار رہنما تھے، جن کی شہادت نے علاقے میں سوگ کی فضا قائم کر دی ہے۔میر اسرار اللہ زہری نے حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان میں حکومتی رٹ تقریبا ختم ہو چکی ہے، عوام عدم تحفظ کا شکار ہیں، جبکہ حکمرانوں کی بے حسی اپنی انتہا کو پہنچ چکی ہے۔ دہشت گردی، چوری اور ڈکیتی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر حکام کی خاموشی قابل مذمت ہے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وڈیرہ غلام سرور موسیانی زہری اور مولوی امان اللہ موسیانی کے قاتلوں کو فوری گرفتار کیا جائے، بصورت دیگر حالات مزید خراب ہوں گے، جس کی تمام تر ذمہ داری صوبائی حکومت پر عائد ہوگی۔
وڈیرہ غلام سرور موسیانی کی شہادت ناقابل تلافی نقصان ہے،جھالاوان سیاسی و سماجی قیادت کیلئے غیر محفوظ ہوچکا ہے،میر اسرار زہری

ٹیگز:
میر اسرار زہری
