کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) پا کستان میں متعین بنگلہ دیش کے ہا ئی کمشنر ایم ڈی اقبال حسین نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیار ہیں،آئندہ ایک سال میں پا کستان کے ساتھ دوطرفہ تجا رت کو ایک بلین ڈالرز سے 3بلین ڈالرز تک لیجا نا چا ہتے ہیں، کو شش ہے کہ یو رپی یو نین کے طرز پر ساؤتھ ایشن مما لک کا بھی یو نین ہو، بلوچستان کے لوگ مخلص اور جفا کش ہیں جن میں پوٹینشل کی کمی نہیں، اسلام آ با داور کرا چی کی طرح بلو چستان سے بھی ویزوں کے اجرا ء کا عمل شروع کر نے کے لئے اقدامات اٹھا ئیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو ایوان صنعت و تجا رت کو ئٹہ کے عہدیداران و ممبرا ن سے خطاب کرتے ہو ئے کیا۔گزشتہ روز بنگلہ دیش کے ہا ئی کمشنر چیمبر آ ف کامرس اینڈانڈسٹری کو ئٹہ بلو چستان پہنچے تو چیمبر کے سنیئر نا ئب صدر حا جی اختر کا کڑ، نا ئب صدر انجینئر میر وائس خان کاکڑ و دیگر نے انہیں خوش آمدید کہتے ہو ئے کہا کہ ہماری ثقافتی مماثلتیں چاہے زبان، تہوار یاپھر معاشرتی اقدار ہوں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ جغرافیائی علیحدگی کے باوجود پا کستان اور بنگلہ دیش کی عوام کے دل جڑے ہوئے ہیں یہی ہمیں آج تجارت اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو مضبوط بنانے کی بنیاد فراہم کرتا ہے،بلو چستان میں اعلیٰ قسم کے سیب، انگور، بادام، خوبانی اور بہترین کھجوریں پیدا ہو تی ہیں اس کے علا وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) علاقائی روابط اور اقتصادی ترقی کے لیے گیم چینجر ہے۔ 45 بلین ڈالر سے زیادہ کی سرمایہ کاری کے ساتھ، CPEC نے گوادر پورٹ کو بین الاقوامی تجارت کے ایک ابھرتے ہوئے مرکز میں تبدیل کر دیا ہے جس سے بنگلہ دیش کو وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور افریقہ تک رسائی کا منفرد موقع فراہم کیا گیا ہے۔ کوریڈور کے ساتھ خصوصی اقتصادی زونز (SEZs) بنگلہ دیشی سرمایہ کاروں کے لئے توانائی کی پیداوار اور تیل کی ریفائنریوں، سمندری غذا اور ماہی گیری کی صنعت، لاجسٹک اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے،انہوں نے پا کستان اور بلو چستان میں سیاحت، کانکنی،زراعت، گلہ بانی و دیگر شعبوں میں مو جو د مواقعوں سے بھی بنگلہ دیش کے ہا ئی کمشنر کو آگا ہ کیا۔اس موقع پر بنگلہ دیش کے پا کستان میں متعین ہا ئی کمشنر ایم ڈی اقبا ل حسین خان کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے پچھلے دس سال کے دوران پا کستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات زیادہ حوصلہ افزاء نہیں رہے تا ہم مو جو د ہ حکومت کے بر سر اقتدار آنے کے بعد دونوں مما لک کے تعلقات میں بہتری آئی ہے بنگلہ دیش چا ہتا ہے کہ پا کستان کے ساتھ سالانہ ایک بلین ڈالرز کے تجا رتی اہداف کو اگلے ایک سال میں 3بلین ڈالرز تک بڑھا یا جا ئے ہم چا ہتے ہیں کہ یو رپی یو نین کے طرز پر ساؤتھ ایشیاء کے 8مما لک کا بھی یو نین ہو تا کہ دنیا میں ساؤتھ ایشائی مما لک کی اہمیت کو اجاگر اور خطے کی معاشی ترقی کا سامان کیا جا سکے،انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش صحت، تعلیم اور سوشل ڈویلپمنٹ میں ترقی کے منازل طے کر رہا ہے اور پا کستان کے ساتھ مل کر ہم مختلف شعبو ں میں مزید بہتری لا سکتے ہیں،انہوں نے کہا کہ پا کستان میں اعلیٰ تعلیم کے اچھے ادارے مو جو د ہیں بنگلہ دیش سے طلبا ء آکر یہاں اعلیٰ تعلیم کے زیور سے آ راستہ ہوں گے،انہوں نے بلو چستان کے صنعت و تجا رت سے وابستہ افراد کو دورہ بنگلہ دیش کی دعوت دی اور کہا کہ ہمیں غیر یقینی صورتحال کا خاتمہ کر نا ہو گا کیونکہ غیر یقینی صورتحال دوسروں کے مواقعوں کا سبب بنتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرعی شعبوں میں دونوں مما لک نے ترقی کی ہے ہمیں ایک دوسرے کے تحقیق اور تجربوں سے مستفید ہو نے کی ضرورت ہیں، انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے فا ئن ایپل اور چا ئے کی پا کستان جبکہ پا کستانی کھجور،کپاس و دیگر کی بنگلہ دیش میں زبردست ما نگ ہے بنگلہ دیش پا کستان سے آلا ت جراحی،کھیلوں کا سامان،ڈرائی فروٹ کو ایکسپورٹ کر رہا ہے ویزے کیلئے ہم ون لا ئن سروس رکھتے ہیں ہم اسلام آ باد اور کراچی کی طرح بلو چستان سے بھی ویزوں کے اجرا کا سامان کریں گے،انہوں نے کہا کہ بلو چستان کے لوگ مخلص اور جفا کش ہے جن میں پوٹینشل کی کو ئی کمی نہیں مجھے امید ہے کہ پا کستان اور بنگلہ دیش مستقبل قریب میں اقتصادی ترقی کی تیز رفتار منا زل طے کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ بلو چستان کے دوروں کا سلسلہ جا ری رکھیں گے ہما ری کو شش ہے کہ یہاں مو جو د سیاحت اور سر ما یہ کا ری کے مواقعوں سے فا ئدہ اٹھا یا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ بنگلہ دیش کے ڈپٹی ہا ئی کمشنر بھی بلو چستان آ ئیں گے،انہوں نے کہا کہ آئیں ایک دوسرے کے ممالک میں موجود سرمایہ کاری کے موقعوں سے فائدہ اٹھا کر اپنے ممالک کی معاشی خوشحالی کو یقینی بنائیں۔آ خر میں چیمبر آف کا مرس اینڈ انڈسٹری کو ئٹہ بلو چستان کی جا نب سے بنگلہ دیش کے ہا ئی کمشنر کو یاد گا ری شیلڈ پیش کی گئی۔
بنگلہ دیش پاکستان کے ساتھ کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں ہر ممکن تعاون کیلئے تیارہیں، اقبال حسین

ٹیگز:
اقبال حسین
