اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر)وزیر اعظم شہباز شریف دوطرفہ تعلقات بڑھانے کے لیے 2 روزہ سرکاری دورے پر ازبکستان پہنچ گئے۔سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ نے رپورٹ کیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف ازبکستان کے صدر شوکت مرزیایوف کی خصوصی دعوت پر 2 روزہ دورہ پر تاشقند پہنچے۔
نائب وزیراعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحٰق ڈار، وزیرِ تجارت جام کمال خان، وزیرِ سرمایہ کاری و نجکاری عبدالعلیم خان، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے دورہ ازبکستان میں پاکستانی وفد میں شامل ہیں۔ازبکستان کے وزیراعظم عبداللہ عاریپوف، ازبک وزیرِ خارجہ بختیار سیدوف، تاشقند کے میئر شوکت عمرزاکوف، ازبکستان کے پاکستان میں سفیر علی شیر تختائیف اور پاکستان کے ازبکستان میں سفیر احمد فاروق سمیت اعلیٰ سفارتی و سرکاری اہلکاروں نے وزیرِ اعظم شہباز شریف کا استقبال کیا۔
وزیراعظم تاشقند میں یادگار آزادی کا دورہ کریں گے، جہاں وزیراعظم پھولوں کی چادر چڑھا کر ازبکستان کی عظیم تاریخی شخصیات کو خراج عقیدت اور ازبکستان کی تعمیر و ترقی، غیور و محنتی ازبک عوام کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کریں گے۔وزیراعظم کو اس موقع پر یادگار پر تعمیر کی گئی ازبکستان کی 3 ہزار سالہ تاریخ کی منبت کاری کا دورہ کرایا جائے گا اور بریفنگ دی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف دورے کے دوران ازبک صدر شوکت مرزیایوف سے دو طرفہ ملاقات بھی کریں گے جس میں ازبکستان اور پاکستان کے مابین علاقائی روابط، تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، دفاع، سلامتی، علاقائی استحکام اور تعلیم کے شعبوں میں تعاون کے مزید فروغ پر گفتگو ہوگی۔
اے پی پی کے مطابق دونوں رہنماؤں کے مابین باہمی دلچسپی کے عالمی و علاقائی امور پر تبادلہ خیال بھی ہوگا۔ ملاقات کے بعد پاکستان اور ازبکستان کے مابین دوطرفہ تعاون کی مفاہمتی یادداشتوں و معاہدوں پر بھی دستخط ہوں گے۔پاکستان اور ازبکستان کی کاروباری و سرمایہ کار برادری کے مابین تعاون کو بڑھانے کے لیے تاشقند میں پاکستان اور ازبکستان بزنس فورم کا انعقاد بھی ہوگا جس میں وزیراعظم شہباز شریف خطاب بھی کریں گے۔ وزیرِ اعظم ازبکستان کی تعمیری صنعت کے مشاہدے کے لیے تاشقند میں قائم ٹیکنو-پارک کا دورہ بھی کریں گے۔

