گوادر(ڈیلی گرین گوادر)ڈائریکٹر جنرل گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی شفقت انور شاہوانی نے جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال میں بلڈ بینک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر بلڈ ڈونیشن کیمپ کا بھی انعقاد کیا گیا۔ افتتاح کے دوران ڈائریکٹر جنرل نے ہسپتال کے مختلف شعبوں، بلڈ بینک، بلڈ کیمپ، اور لیبارٹری کا جائزہ لیا اور ان کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے بلڈ ڈونیشن کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خون کا عطیہ دینا ایک عظیم انسانی خدمت ہے، جو ضرورت مندوں کی زندگیاں بچانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلڈ ڈونیشن کے عمل میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ خون کی قلت کو دور کیا جا سکے اور ہنگامی حالات میں ضرورت مند مریضوں کو بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اکثر ایک تاثر دیکھنے کو ملتا ہے کہ جی ڈی اے ہسپتال میں کسی مریض یا خاتون کو خون کی اشد ضرورت ہے اور لوگوں سے فوری مدد کی اپیل کی جاتی ہے۔ بلڈ بینک کے قیام کے بعد یہ مسئلہ ہمیشہ کے لیے حل ہو جائے گا، کیونکہ ہسپتال میں خون کی فراہمی کا موثر نظام موجود ہوگا، جس سے فوری طور پر مریضوں کو خون مہیا کیا جا سکے گا۔ ڈائریکٹر جنرل نے اعلان کیا کہ جی ڈی اے کے افسران اور عملہ بھی بلڈ ڈونیشن کیمپ میں بھرپور شرکت کرے گا تاکہ اس کارِ خیر میں انکا بھی حصہ شامل ہو جائے۔ انہوں نے ہسپتال کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال نہ صرف گوادر بلکہ پورے مکران کے عوام کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں۔ یہاں پر لوگوں کو معیاری اور مفت صحت کی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں کنسلٹنسی، سرجری، ادویات، اور لیبارٹری خدمات شامل ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل نے کہاکہ ہسپتال کی توسیع کے منصوبے جاری ہیں، جن میں ایک جدید میڈیکل کالج کا قیام بھی شامل ہے، جو نہ صرف علاقے کی ترقی بلکہ طبی تعلیم اور صحت کے شعبے میں سنگ میل ثابت ہوگا۔
جی ڈی اے پاک چائنا فرینڈشپ ہسپتال گوادر کے عوام کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں،شفقت انور شاہوانی

ٹیگز:
شفقت انور شاہوانی
