کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر) حکومت بلوچستان محکمہ زراعت نے کراچی میں منعقدہ ایگریکلچر کانفرنس 2024 میں اسپیشل سیکرٹری زراعت جہانگیر کاکڑ کی سربراہی میں بھر پور شرکت کی۔ دو روزہ کانفرنس پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن، ریپل کانسیپٹ اور ایگزیبیٹر ٹی وی کے زیراہتمام منعقد ہوئی جسے گرین پاکستان انیشیٹیو کا تعاون بھی حاصل تھا۔ اس موقع پر محکمہ زراعت بلوچستان کے ریسرچ ونگ، واٹر منیجمنٹ اور ایکسٹینشن ونگ نے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے تعاون سے شاندار اسٹال بھی لگاۓ جسے شرکاء کی جانب سے خوب سراہا گیا۔ کانفرنس میں پائیدار زراعت، آرگینک ایگریکلچرل،واٹر منیجمنٹ اور مختلف موضوعات پر پینل ڈسکشن کا بھی اہتمام کیا گیا جسمیں محکمہ زراعت بلوچستان کے افسران نے بھر پور شرکت کی اور بلوچستان میں زراعت کی صورتحال کے حوالے آگاہی فراہم کی۔

اسپیشل سیکرٹری زراعت جہانگیر کاکڑ کے ہمراہ ڈی جی ریسرچ ونگ عبدالرؤف خان کاکڑ ، ڈی جی واٹر منیجمنٹ محبوب علی، جی پی آئی بلوچستان کے ڈائریکٹر عرفان بختیاری، سید ریحان فرید ڈپٹی ڈائریکٹر ایکسٹینشن ونگ لسبیلہ بھی موجود تھے۔ دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس ایک ایسے اسٹریٹجک وقت میں منعقد ہوئی جب خصوصی سرمایہ کاری کی سہولت کونسل ایس آئی ایف سی کی طرف سے زراعت کو اولین ترجیحی شعبے کے طور پر شناخت کیا گیا ہے، اور گرین کارپوریٹ انیشیٹو اختراعات کو بروئے کار لا کر زرعی پیداواری صلاحیت کو بہتر بنانے کے لیے پرعزم ہے۔

