کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے مستونگ دھماکے کے زخمیوں کی طبی امداد کا جائزہ لینے اور اْن کی دیکھ بھال کی نگرانی کے لیے ٹراما سینٹر سول ہسپتال کوئٹہ کا دورہ کیا جہاں انہوں نے اپنی نگرانی میں زخمیوں کو فوری اور معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ اس موقع پر انہوں نے ٹراما سینٹر کے ایم ڈی ارباب کامران کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے اور اْنہیں بروقت سہولتیں فراہم کی جائیں۔ سول ہسپتال ٹراما سینٹر میں نو زخمی افراد لائے جا چکے ہیں، جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔ وزیر صحت نے فوری طور پر آپریشن تھیٹر کو تیار رکھنے اور ماہر ڈاکٹروں کی ٹیم کو تعینات کرنے کا حکم دیا تاکہ زخمیوں کو ہر ممکن علاج اور دیکھ بھال فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت زخمیوں اور ان کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے اور ان کی فوری مدد کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے۔عوام سے اپیل کرتے ہوئے وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ سول ہسپتال اور ٹراما سینٹر میں غیر ضروری رش سے اجتناب کیا جائے تاکہ متاثرین کو فوری اور بہترین طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے شکار افراد کے لیے حکومت ہر ممکن وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور اس مشکل وقت میں متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔
صوبائی حکومت زخمیوں اور ان کے خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے،بخت محمد کاکڑ

ٹیگز:
بخت محمد کاکڑ
