کوئٹہ (ڈیلی گرین گوادر) چاغی میں بجلی کے کھمبے سے لٹکی 5 افغان باشندوں کی لاشیں لواحقین کے حوالے کردی گئی ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسلام آباد میں افغان سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں گزشتہ ہفتے بجلی کے کھمبے سے لٹکی ہوئی 5 لاشیں ملی تھیں، جنہیں گولیاں مارکر قتل کیا گیا تھا۔افغان سفارت خانے کی جانب سے کہا گیا کہ جاں بحق ہونے والے تمام افرد کی شناخت افغان شہریوں کے طور پر ہوئی تھی جب کہ پانچوں لاشیں ان کے اہل خانہ کے حوالے کردی گئی ہیں۔
یہ لاشیں جمعہ کو بلوچستان میں افغانستان اور ایران کے سرحد کے قریب دالبندین شہر میں ایک کالج کے قریب سے ملی ہیں۔افغان سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا کہ پانچوں لاشیں بدھ کو اسپن بولدک چمن بارڈر کراسنگ پر اہل خانہ کے حوالے کر دی گئیں۔
’بلوچستان میں ہمارے قونصل خانے نے افغانستان میں منتظر رشتہ داروں کو لاشیں واپس کرنے کے لیے ’سنجیدہ کوششیں‘ کیں‘۔جمعرات کو اے ایف پی کو دیے گئے بیان میں افغان سفارتخانے کے حکام نے کہا ’5 افغان شہریوں کو نامعلوم افراد نے بے دردی سے قتل کیا ہے‘

