کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)سابق وفاقی وزیر محترمہ زبیدہ جلال نے سینئرسیاست دان شیخ جعفر مندوخیل کو گورنر بلوچستان بنانے کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے بلوچستان کے مجموعی حالات پر اچھے اثرات مرتب ہوں گے کیونکہ شیخ جعفر خان مندوخیل ایک سینئر سیاست دان اور بلوچستان کے حالات سے باخبر ہیں، نامزد گورنر غیر متنازعہ شخصیت اور تمام اقوام کے لیے قابل قبول ہیں، انہوں نے بطور وزیر بھی بلوچستان میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔زبیدہ جلال کا کہنا تھا کہ صدر پاکستان آصف علی زرداری نے بلوچستان،پنجاب، خیبر پختونخواہ کے گورنرز کی تقرری کی منظوری دے دی ہے،صدر مملکت نے جعفر خان مندو خیل کی بطور گورنر بلوچستان تعیناتی کی منظوری دے دی ہے، بلوچستان سے سینئر سیاستدان شیخ جعفرخان مندوخیل کو گورنر تعینات کرنے کا خیر مقدم کرتی ہوں اور امید ہے کہ وہ اب بطور گورنر بلوچستان کے حالات کی بہتری کے لیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے۔انہوں نے کہا کہ شیخ جعفرخان مندوخیل بلوچستان کی سیاست میں ایک جانی پہچانی شخصیت ہیں،وہ صوبے کی سیاست میں انتہائی بے داغ ماضی کے مالک سیاست دان سینئر تجربہ کار متنازعہ عوام میں مقبول شخصیت ہیں،شیخ جعفر مندوخیل کی گورنر بلوچستان تعیناتی بلوچستان کے عوام کے لئے خوش آئند امر ہے، اس فیصلہ سے بلوچستان کے مسائل کے حل اورترقی کیلئے راہ ہموار ہوجائے گی۔محترمہ زبیدہ جلال نے شیخ جعفرخان مندوخیل کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔انہوں نے کہا کہ گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل بلوچستان کے عوام کے لئے پسندیدہ شخص ہیں، وہ بلا رنگ ونسل صوبے کے لئے اپنی خدمات سرانجام دیں گے۔
شیخ جعفر مندوخیل کو گورنر بلوچستان بنانے کا فیصلہ خوش آئند ہے،زبیدہ جلال

ٹیگز:
زبیدہ جلال
