اسلام آباد(ڈیلی گرین گوادر) وفاقی حکومت نے خیبرپختونخوا میں فیصل کریم کنڈی اور بلوچستان میں جعفر مندو خیل کو گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات ہوئی جس میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے نئے گورنرز کی تقرری کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق بلاول بھٹو زرداری ملاقات کے لیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے جہاں شہباز شریف نے اُن کا استقبال کیا۔ذرائع کے مطابق دونوں رہنمآں نے ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیلی بات چیت کی جبکہ گورنرز کی تقرری پر بھی مشاورت کی گئی۔
بلاول بھٹو زرداری نے بلوچستان، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے لئے مختلف نام تجویز کئے۔ملاقات میں فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا، جعفر مندو خیل کو بلوچستان کا گورنر تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ سندھ کی گورنری کا عہدہ ایم کیو ایم کے پاس رہے گا۔
اُدھر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے سردار سلیم حیدر کو گورنر پنجاب نامز د کر دیا۔ سردار سلیم حیدر پیپلزپارٹی راولپنڈی ڈویژن کے صدر اور اٹک سے تعلق رکھتے ہیں۔اس سے قبل سردار سلیم حیدر خان معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانی، وزیرمملکت برائے دفاع اور دفاعی پیدوار بھی رہ چکے ہیں جبکہ وہ 2008 کے الیکشن میں اٹک کے حلقہ این اے59 سے جیت کر ایم این اے منتخب ہوئے تھے۔

