تہران(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان کیلئے اعزاز، پاک ایران کلچرل ایکسچنج پروگرام کے تحت خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کی کاوشوں سے بلوچستان سے پہلی مرتبہ پرائیویٹ اسکولوں کے پرنسپلز اور ڈائریکٹرز کا گروپ ایران کے شہر زاہدان اور چابہار میں اسکولنگ اور جدید تدریسی طریقوں کے حوالے سے ورکشاپ میں شرکت کرکے واپس کوئٹہ پہنچ گئے۔ گروپ میں کوئٹہ، لورالائی اور جیکب آباد کے مختلف پرائیوٹ اسکولوں کے ڈائریکٹرز موجود تھے جنہوں نے تین دن زاہدان اور تین دن چابہار میں پیشہ ورانہ اسکولنگ مینیجمنٹ ورکشاپ میں شرکت کی۔ گروپ نے کوئٹہ میں مقیم خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کے ڈائریکٹر جنرل کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے مواقع، بلوچستان میں تعلیمی ارتقاء اور اسکولنگ سسٹم کو جدید عصری تقاضوں کے ساتھ ہمکنار کرنے میں میں سنگ میل کی حیثیت رکھتے ہیں اور امید ہے کہ آنے والے سالوں میں اس طرح کے مزید مواقع فراہم ہو۔
دوسری جانب پنجگور سے تعلق رکھنے والی دستکاری کی مایہ ناز خاتون ہنرمند نازین بلوچ نے بھی خانہ فرہنگ کی کاوشوں سے ایران میں منعقدہ آٹھویں عالمی فجر فیسٹول میں شرکت کرکے بلوچستان کی نمائندگی کرنے کے ساتھ ساتھ اپنے صوبے کا نام روشن کیا۔ انہوں نے بھی ڈی جی خانہ فرہنگ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بلوچستان کے آرٹسٹوں کیلئے ان کی کوششوں کو سراہا۔
اس موقع پر کوئٹہ میں متعین اسلامی جمہوریہ ایران کے کلچرل اتاشے اور ڈائریکٹر جنرل خانہ فرہنگ ایران، سید ابوالحسن میری نے بلوچستان میں موجود بے شمار صلاحیتوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے اس بات اعادہ کیا کہ ان صلاحیتوں کو ایران اور دنیا کے سامنے متعارف کرانے سے وفود کے تبادلے مزید بڑھیں گے اور آئندہ بھی کلچرل ایکسچنج پروگرام کے تحت بلوچستان سے مختلف شعبوں سے وفود کو ایران میں مختلف پروگرامات میں بھیجے جائیں گے۔

