کوئٹہ(ڈیلی گرین گوادر)بلوچستان گرینڈ الائنس کے سربراہ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا ہے کہ بلوچستان اور کوئٹہ کے لوگ کسی سلیکٹڈ کو قبول نہ یں کریں گے، جو لاڈلے تھے ان کے مقابلے میں سپر لاڈلوں کو لایا گیا ہے، یہ بات انہوں نے انتخابی نتائج میں تبدیلی کے خلاف ڈی سی آفس کے سامنے بلوچستان گرینڈ الائنس، جمعیت علماء اسلام اور نیشنل پارٹی کے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے کہا کہ حالیہ انتخابات میں بلوچستان کے لوگوں کو ووٹ کی پرچی سے محروم اور ووٹ کے تقدس کو مجروح کردیا گیا وہ جماعتیں جو خود کو لاڈلا کہتی ہیں ان کے مقابلے میں سپر لاڈلوں کو لایا گیا، کوئٹہ شہر پر سرمایہ دار لاڈلوں کو مسلط کیا گیا ان کا راستہ نہ روکا گیا تو ہماری آئندہ نسلیں سیلانی کے دسترخوان پر نظر آئیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی عزت مجھے میری زات سے زیادہ عزیز ہے اور اپنی زندگی اپنا سیاسی عمل اس صوبہ کی خوشحالی کیلئے وقف کردیا ہے، میرا عشق اس سرزمین کی مٹی سے ہے اور اس راستے میں آنے والوں کا راستہ روکیں گے،میں سیاسی عمل کی پیداوار ہوں میرے دروازے پر اقتدار چل کر آیا مگر میں نے ووٹروں کے دروازے پر جاکر دستک دی، بلوچستان کے سیاسی کارکن سرزمین کے دفاع کیلئے اپنے سیاسی عمل کو آگئے بڑھاکر چور دروازے سے آنے والوں کا راستہ بند کردیں، سیاسی جماعتیں اور ان کے سربراہان ایک سیٹ کیلئے اگر سازباز کرکے قومی حقوق کا سودا کرتے ہیں تو نہ ہم ان کو معاف کریں گے نہ تاریخ ان کو معاف کرئے گی۔انہوں نے کہا کہ ہماری تقسیم نے ہمیں اس نہج پر پہنچا دیا کہ ہماری خواتین آج سڑکوں پر بیٹھی ہیں، سیاسی عمل قومی وقار کو بلند کرنے کیلئے آپس میں اتفاق کا مظاہرہ کیا جائے آنے والے دنوں میں حالات مزید بدترین ہوں گے، اپنا مسلسل جدوجہد سے اس جعلی عمل کو روکنا ہوگا، انتخابات میں دھاندلی کسی ایک حلقہ کا مسلہ نہیں پورے انتخابات دھاندلی زدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعتیں جو سمجھتی ہیں کہ ملک میں ایک ایسا عمرانی معاہدہ ہو جو وفاق اور قومی اکائیوں کے شفاف سیاسی عمل کیلئے اپنا کردار ادا کرے اس کے لئے ہم میزبان بننے کیلئے تیار ہیں، سیاسی جدوجہد کو اگے لے جائیں گے۔
بلوچستان اور کوئٹہ کے لوگ کسی سلیکٹڈ کو قبول نہیں کریں گے، نوابزادہ حاجی لشکری خان رئیسانی

